کندھ کوٹ (کیو این این ورلڈ/ وقار احمد اعوان): ملک بھر کی طرح کندھ کوٹ میں بھی پاکستان کا 79واں یومِ آزادی ملی جوش و جذبے اور قومی یکجہتی کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقع پر اسٹیڈیم کندھ کوٹ اور مدرسہ احیاء العلوم حمادیہ میں پروقار تقریبات کا انعقاد کیا گیا، جن میں طلبہ، اساتذہ، ضلعی انتظامیہ، سرکاری افسران، سیاسی و سماجی شخصیات اور شہریوں نے بھرپور شرکت کی۔
اسٹیڈیم کندھ کوٹ میں یومِ آزادی کی مرکزی تقریب کا آغاز ڈپٹی کمشنر آغا شیر زمان، چیئرمین ضلع کونسل گل محمد خان جکھرانی، اسسٹنٹ کمشنر زارار احمد، ڈی ایس پی جاوید سانگری، سندھ رینجرز کے افسران، عالمی ادارہ صحت (WHO) کے نمائندے چارلس اور شہر کے معززین نے قومی پرچم لہرا کر کیا۔ اس موقع پر ملک کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں جبکہ محکمہ جنگلات کی جانب سے شجرکاری بھی کی گئی۔ سندھ پولیس کے چاق و چوبند دستے نے قومی پرچم کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔
تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک، حمد اور نعت سے ہوا، جس کے بعد مختلف اسکولوں کے طلبہ نے ملی نغمے، تقاریر اور ٹیبلوز پیش کیے۔ شرکاء نے پاکستان زندہ باد اور پاک فوج زندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے۔ تقریر اور دیگر مقابلوں میں حصہ لینے والے طلبہ میں انعامات بھی تقسیم کیے گئے جبکہ مختلف اسکولوں کی جانب سے سائنس نمائش کا بھی اہتمام کیا گیا۔
دوسری جانب مدرسہ احیاء العلوم حمادیہ میں بھی جشنِ آزادی کے سلسلے میں خصوصی تقریب منعقد ہوئی، جس کا اہتمام مولانا احمد پٹھان نے کیا۔ تقریب میں طلبہ، اساتذہ اور مدرسے کی انتظامیہ نے بھرپور شرکت کی۔ طلبہ نے ملی نغمے، تقاریر اور مختلف پروگرام پیش کرکے وطنِ عزیز سے محبت اور عقیدت کا اظہار کیا۔
مدرسے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اساتذہ کرام نے آزادی کی اہمیت، قیامِ پاکستان کی جدوجہد، ملک کی سلامتی و ترقی اور نوجوان نسل کے کردار پر روشنی ڈالی۔ مقررین نے کہا کہ پاکستان اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت ہے، جس کی حفاظت، ترقی اور خوشحالی کے لیے ہر شہری کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔
دونوں تقریبات کے دوران پاکستان کی سلامتی، استحکام اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ مقررین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ نئی نسل تعلیم، اتحاد اور قومی جذبے کے ذریعے ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کرے گی۔ تقریبات کے اختتام پر پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعروں سے فضا گونج اٹھی۔