رواں سال 15 ہزار سے زائد اعلیٰ تعلیم یافتہ پاکستانی بیرون ملک منتقل، ایوان میں تفصیلات پیش

اسلام آباد(کیو این این ورلڈ) رواں سال اب تک 15 ہزار سے زائد اعلیٰ تعلیم یافتہ پاکستانی بیرون ملک روانہ ہوگئے۔ ایوان میں پیش کی جانے والی دستاویزات کے مطابق سال 2024 میں 45 ہزار 830 اعلیٰ تعلیم یافتہ پاکستانی بیرونِ ملک گئے اور سال 2025 میں 28 ہزار 726 اعلیٰ تعلیم یافتہ پاکستانیوں نے بیرونِ ملک روزگار حاصل کیا، جبکہ سال 2026 میں اب تک 15 ہزار 850 اعلیٰ تعلیم یافتہ پاکستانی بیرونِ ملک جا چکے ہیں۔ بیرون ملک منتقل ہونے والوں میں ڈاکٹرز، انجینئرز، آئی ٹی پروفیشنلز، منیجرز، اکاؤنٹنٹس اور ماہرین تعلیم کی بڑی تعداد شامل ہے۔

ایوان میں پیش کردہ دستاویزات کے مطابق مختلف شعبہ جات کے منیجرز کی بڑی تعداد نے بیرونِ ملک ملازمتیں اختیار کیں۔ سال 2024 میں 23 ہزار 674 اور سال 2025 میں 9 ہزار 562 منیجرز بیرونِ ملک گئے، جبکہ سال 2026 میں اب تک 5 ہزار 190 منیجر بیرونِ ملک روزگار کے لیے منتقل ہو چکے ہیں۔

انجینئرز کی بیرون ملک منتقلی کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ سال 2024 میں 8 ہزار 15 اور سال 2025 میں 5 ہزار 945 انجینئرز نے بیرونِ ملک روزگار حاصل کیا، جبکہ سال 2026 میں اب تک 3 ہزار 605 انجینئرز بیرونِ ملک جا چکے ہیں۔

دستاویز کے مطابق مالیاتی شعبے سے وابستہ اکاؤنٹنٹس میں سے سال 2024 میں 4 ہزار 779 اور سال 2025 میں 4 ہزار 305 اکاؤنٹنٹ بیرونِ ملک گئے، جبکہ سال 2026 میں اب تک ایک ہزار 771 اکاؤنٹنٹ بیرونِ ملک روزگار کے لیے روانہ ہوئے۔

طبی اور تعلیمی شعبے کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ سال 2024 میں 3 ہزار 625 اور سال 2025 میں 3 ہزار 795 ڈاکٹرز بیرونِ ملک گئے، جبکہ سال 2026 میں اب تک 2 ہزار 93 ڈاکٹرز بیرونِ ملک منتقل ہو چکے ہیں۔ اسی طرح سال 2024 میں ایک ہزار 729، سال 2025 میں ایک ہزار 725 اور سال 2026 میں اب تک ایک ہزار 457 اساتذہ بیرونِ ملک روزگار حاصل کر چکے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے