راولپنڈی اور اسلام آباد میں تیز بارش کے باعث نالہ لئی کے اطراف خطرے کے سائرن بجا دیے گئے

راولپنڈی/اسلام آباد(کیو این این ورلڈ)جڑواں شہروں میں مسلسل تیسرے روز موسلادھار بارش کے باعث نالہ لئی میں طغیانی آگئی، پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہونے پر انتظامیہ نے خطرے کے سائرن بجا دیے۔ ریسکیو 1122 نے شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلنے کے اعلانات شروع کردیے۔

مختلف علاقوں میں ریکارڈ کی گئی بارش کے مطابق سیدپور میں 66، گولڑہ 52، بوکرہ 65، پیرودھائی 63، چکلالہ 47 اور شمس آباد میں 50 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔ مسلسل بارش کے باعث نالہ لئی میں کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح 22 فٹ سے تجاوز کرگئی، جبکہ گوالمنڈی پل کے مقام پر پانی کی سطح 16 فٹ تک پہنچ گئی۔

ریسکیو حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ نالہ لئی اور دیگر برساتی نالوں کے قریب جانے سے گریز کریں اور بچوں کو برساتی نالوں، کھلے پانی اور بجلی کے کھمبوں سے دور رکھیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق جمعے تک ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے، جبکہ اسلام آباد، بالائی پنجاب، بلوچستان، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں مزید بارش متوقع ہے۔

فلڈ فارکاسٹنگ ڈویژن لاہور کے مطابق دریائے سندھ میں کالا باغ، چشمہ، تونسہ اور گڈو بیراج کے مقامات پر نچلے درجے کا سیلاب ہے، تاہم ملک کے دیگر دریاؤں میں صورتحال معمول کے مطابق ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے