گوجرانوالہ (کیو این این ورلڈ/ بیوروچیف محمدرمضان نوشاہی): گوجرانوالہ میں موسلا دھار بارش کے باعث ایک کچے مکان کی چھت منہدم ہونے سے ایک ہی خاندان کے دو معصوم بچے جاں بحق جبکہ دو افراد زخمی ہو گئے۔ افسوسناک واقعہ نوشہرہ روڈ کے علاقے میں پیش آیا، جہاں مٹی اور لکڑی سے بنی کمزور چھت اچانک گر گئی اور گھر میں موجود افراد ملبے تلے دب گئے۔
ریسکیو 1122 کے مطابق حادثے میں 7 سالہ شاہین اور 6 ماہ کا شان علی موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور فوری امدادی کارروائی کرتے ہوئے متاثرین کو ملبے سے باہر نکالا۔
ریسکیو حکام کے مطابق زخمیوں میں سلمیٰ اور 10 سالہ ثناء شامل ہیں، جنہیں ابتدائی طبی امداد کے بعد ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جبکہ 5 سالہ خدیجہ کو معمولی چوٹیں آئیں جنہیں موقع پر ہی طبی امداد فراہم کی گئی۔
ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلسل بارشوں کے باعث کچے مکان کی چھت کمزور ہو چکی تھی، جو بارش کا دباؤ برداشت نہ کر سکی اور منہدم ہو گئی۔ واقعے کے بعد علاقے میں سوگ کی فضا چھا گئی جبکہ اہل خانہ غم سے نڈھال ہیں۔
ریسکیو 1122 کے مطابق گوجرانوالہ میں حالیہ بارشوں کے دوران پیش آنے والے مختلف حادثات میں بچوں سمیت مجموعی طور پر 4 افراد جاں بحق اور 7 افراد زخمی ہو چکے ہیں۔ حکام نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ بارشوں کے دوران خستہ حال اور کچے مکانات میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں تاکہ ایسے افسوسناک واقعات سے بچا جا سکے۔