گوجرانوالہ میں رشتہ سے انکار پر سفاکانہ کارروائی: موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے نئی نویلی دلہن قتل

گوجرانوالہ (کیو این این ورلڈ /بیوروچیف محمد رمضان نوشاہی)گوجرانوالہ کے علاقے تھانہ اروپ کی حدود سمن آباد چونگی کے قریب شادی کی خوشیاں اس وقت غم و ماتم میں تبدیل ہو گئیں جب ولیمے کی تقریب سے گھر واپس جانے والے دلہا دلہن کی کار پر مسلح ملزمان نے بے دردی سے فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں نئی نویلی دلہن جاں بحق ہو گئی۔

تفصیلات کے مطابق یہ دل دہلا دینے والا واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک روز قبل رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے والے دلہا اور دلہن ولیمے کی تقریب ختم ہونے کے بعد سفید رنگ کی کار میں سوار ہو کر گھر واپس جا رہے تھے۔ راستے میں گھات لگائے موٹر سائیکل سوار دو مسلح ملزمان نے گن پوائنٹ پر ان کی گاڑی کو روکا۔ واقعے کی موصول ہونے والی سی سی ٹی وی ویڈیو کے مطابق ملزم نے کار کی پچھلی نشست پر بیٹھی ایک لڑکی کو باہر نکالا اور پھر گاڑی کے اندر داخل ہو کر دلہن پر اندھا دھند گولیاں برسا دیں۔

ایف آئی آر کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں دلہن صبا کے سینے اور پیٹ میں متعدد گولیاں لگیں۔ شدید زخمی حالت میں دلہن کو فوری طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا جا رہا تھا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے راستے میں ہی دم توڑ گئی۔

مقتولہ کے والد کی مدعیت میں تھانہ اروپ میں تین ملزمان کے خلاف باقاعدہ مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جس میں ایک لڑکی (مقتولہ کی دوست) بھی نامزد ہے۔ مدعی کے مطابق نامزد اہم ملزم سرفراز، جو کہ مقتولہ کی دوست کا رشتہ دار ہے، صبا سے شادی کرنا چاہتا تھا تاہم اہل خانہ کی جانب سے رشتے سے انکار پر اس نے یہ خونی قدم اٹھایا۔

واقعے کے بعد ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ اروپ پولیس اور تفتیشی ٹیموں نے موقع سے تمام ضروری شواہد اکٹھے کر لیے ہیں جبکہ سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے