گھوٹکی (کیو این این ورلڈ / نامہ نگار مشتاق علی لغاری) گھوٹکی میں ذبح شدہ بکرے کے گوشت کا وزن بڑھانے کے لیے قصاب کی جانب سے مبینہ طور پر پانی ڈالنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے، جس پر شہریوں میں شدید غم و غصہ پھیل گیا ہے۔ وائرل ویڈیو میں قصاب کو گوشت کا وزن بڑھانے کے لیے غیر اخلاقی طریقہ کار اپنائے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، جس سے نہ صرف شہریوں کو مالی نقصان پہنچایا جا رہا ہے بلکہ صحت کے حوالے سے بھی شدید خدشات جنم لے رہے ہیں۔
سوشل میڈیا پر ویڈیو سامنے آنے کے بعد شہریوں نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئےڈپٹی کمشنر ، اسسٹنٹ کمشنر گھوٹکی، مختیارکار اور متعلقہ فوڈ سیفٹی حکام سے معاملے کا فوری نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ وائرل ویڈیو کی روشنی میں فوری تحقیقات کی جائیں، شہر میں گوشت کی دکانوں کا معائنہ کیا جائے اور گوشت کے وزن و معیار کی جانچ کو یقینی بنایا جائے۔
شہریوں کا مزید کہنا تھا کہ واقعے میں ملوث قصاب اور دیگر ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق سخت سے سخت کارروائی کی جائے تاکہ شہریوں کو دھوکا دہی سے بچایا جا سکے اور مستقبل میں ایسے عناصر کا سدباب ممکن ہو سکے۔