میرپور ماتھیلو: پولیو مہم مؤثر بنانے کیلئے اجلاس، ورکرز کی سہولیات اور نگرانی پر زور

گھوٹکی (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار مشتاق علی لغاری) میرپور ماتھیلو: ڈپٹی کمشنر گھوٹکی منظور احمد کنرانی کی زیر صدارت پولیو مہم کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں اسسٹنٹ کمشنرز، ڈی ایچ او ڈاکٹر راؤ آفتاب، ڈی ایم پی پی ایچ آئی عارف عباسی، متعلقہ افسران اور پولیو پروگرام سے وابستہ اہلکاروں نے شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پولیو مہم کی کامیابی میں پولیو ورکرز کا کردار کلیدی ہے، اس لیے انہیں تمام ضروری سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ وہ مؤثر انداز میں گھر گھر جا کر بچوں کو حفاظتی قطرے پلا سکیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ بہتر کارکردگی دکھانے والے ورکرز کی حوصلہ افزائی کی جائے تاکہ دیگر ٹیموں میں بھی جذبہ پیدا ہو۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ شدید گرمی کے باوجود پولیو ٹیموں سے بھرپور تعاون کریں تاکہ کوئی بھی بچہ پولیو کے قطروں سے محروم نہ رہے۔ ڈپٹی کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنرز اور محکمہ صحت کے افسران کو مائیکرو پلاننگ اور نگرانی کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایت بھی جاری کی۔

اس موقع پر ضلع کے پانچوں تعلقوں گھوٹکی، خانگڑھ، میرپور ماتھیلو، ڈہرکی اور اوباڑو کے نمایاں کارکردگی دکھانے والے پولیو ورکرز میں تعریفی اسناد اور انعامات تقسیم کیے گئے۔

قبل ازیں این اسٹاپ آفیسر ڈاکٹر ظہیر ڈومکی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 18 سے 21 مئی تک جاری رہنے والی مہم کے دوران ضلع بھر میں 4 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔

اجلاس میں ڈبلیو ایچ او کے ڈاکٹر نیاز اور یونیسف کے ڈاکٹر رحیم گڈانی نے بھی شرکت کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے