گوجرانوالہ (کیو این این ورلڈ/ بیوروچیف محمد رمضان نوشاہی)پنجاب کے ضلع گوجرانوالہ کے علاقے گرجاکھ میں خاتون اور اس کی 3 سالہ بیٹی کے قتل کے الزام میں زیرِ حراست مقتولہ کا شوہر اور پڑوسی مبینہ طور پر اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گئے ہیں۔ پولیس کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ملزمان کو آلہ قتل کی برآمدگی کے لیے لے جایا جا رہا تھا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ راستے میں ملزمان کے ساتھیوں نے انہیں پولیس حراست سے چھڑانے کے لیے فائرنگ کی، جس کی زد میں آکر دونوں ملزمان ہلاک ہوگئے۔ ہلاک ہونے والے دونوں ملزمان جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں تھے۔
تفتیش کے دوران لرزہ خیز انکشافات سامنے آئے تھے کہ ملزم شوہر نے دوسری شادی کی خاطر اپنی بیوی کو قتل کروانے کا منصوبہ بنایا۔ اس نے اپنے پڑوسی کو ڈیڑھ لاکھ روپے کا لالچ دیا، جس نے جوئے کا قرض اتارنے کے لیے اس گھناؤنے جرم کا سودا کیا اور شناخت چھپانے کے لیے معصوم بچی کو بھی قتل کر دیا۔
دورانِ تفتیش یہ بات بھی سامنے آئی تھی کہ قاتل نے خاتون کو قتل سے قبل زیادتی کا نشانہ بنایا اور جب اسے بتایا کہ یہ سب اس کے شوہر کے کہنے پر ہو رہا ہے تو خاتون نے دلبرداشتہ ہو کر مزاحمت ترک کر دی اور کہا کہ وہ اب زندہ نہیں رہنا چاہتی۔