گھوٹکی (کیو این این ورلڈ/ نامہ نگار مشتاق علی لغاری) گھوٹکی بائی پاس پر دن دہاڑے مسلح ڈاکوؤں نے بے امنی کی تازہ واردات کے دوران ایک نوجوان کو فائرنگ کر کے شدید زخمی کر دیا اور اس کی موٹرسائیکل چھین کر باآسانی فرار ہو گئے۔
رپورٹ کے مطابق، گھوٹکی بائی پاس سے گزرنے والے ایک نوجوان کو نامعلوم مسلح ڈاکوؤں نے اسلحے کے زور پر روکنے کی کوشش کی۔ نوجوان کی جانب سے مزاحمت کرنے پر سفاک ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں نوجوان گولیاں لگنے سے شدید زخمی ہو گیا، جس کے بعد ڈاکو اس کی موٹرسائیکل لے اڑے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی اور خون میں لت پت زخمی نوجوان کو فوری علاج کے لیے قریبی اسپتال منتقل کیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
شاہراہ پر دن دہاڑے پیش آنے والے اس دلخراش واقعے کے باعث علاقے کے شہریوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔ مقامی تاجروں اور شہریوں نے پولیس کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ بائی پاس پر گشت بڑھایا جائے اور ملزمان کو فوری گرفتار کر کے قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے۔