دہشت گردی پولیس کے حوصلے پست نہیں کر سکتی، گورنر خیبرپختونخوا

پشاور (کیو این این ورلڈ) تھانہ حسن خیل کی پولیس پوسٹ سپینہ میلہ پر دہشت گردوں کے خلاف بہادری سے جوابی کارروائی کے دوران شہید ہونے والے پولیس اہلکار محمد جلال کی نمازِ جنازہ ملک سعد شہید پولیس لائنز پشاور میں پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کر دی گئی۔

نمازِ جنازہ میں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی، چیف سیکرٹری ڈاکٹر محمد فخر عالم عرفان، آئی جی خیبرپختونخوا پولیس ذوالفقار حمید، آئی جی ایف سی نارتھ خیبرپختونخوا میجر جنرل راؤ عمران سرتاج، پاک فوج اور سی ٹی ڈی کے حکام، سی سی پی او ڈاکٹر میاں سعید احمد، کمشنر پشاور کیپٹن (ر) خالد محمود، پولیس افسران و اہلکاروں اور شہید کے لواحقین نے شرکت کی۔

اس موقع پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہید کو سلامی پیش کی، جبکہ گورنر خیبرپختونخوا، چیف سیکرٹری، پولیس اور پاک فوج کے حکام نے شہید کے جسدِ خاکی پر پھول چڑھا کر انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی اور آئی جی خیبرپختونخوا پولیس ذوالفقار حمید نے شہید کے لواحقین سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کی قربانیاں محکمہ پولیس کا قیمتی اثاثہ ہیں۔

گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائیاں پولیس کے حوصلے پست نہیں کر سکتیں۔ پولیس فورس ملک و قوم کے تحفظ، امن و امان کے قیام اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اپنی جدوجہد پوری استقامت کے ساتھ جاری رکھے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے