ڈاکٹر ذوالفقار علی کی ریٹائرمنٹ پر پروقار تقریب، مقررین نے شاندار خدمات کو سراہا

گوجرانوالہ (کیو این این ورلڈ/بیورو چیف محمد رمضان نوشاہی)ڈائریکٹر انفارمیشن ڈاکٹر ذوالفقار علی کے اعزاز میں ایک پروقار الوداعی تقریب منعقد ہوئی جس میں محکمہ تعلقات عامہ کے افسران، سینئر شخصیات اور دیگر شرکاء نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

تقریب کے مقررین نے ڈاکٹر ذوالفقار علی کی محکمہ تعلقات عامہ میں خدمات کو شاندار الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں دیانتداری، محنت اور لگن کے ساتھ انجام دیں۔

سابق اے ڈی جی پی آر عابد نور بھٹی نے ڈاکٹر ذوالفقار علی کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ ایک قابل اور باصلاحیت افسر ہیں جنہوں نے محکمہ کی بہتری کے لیے اہم کردار ادا کیا۔

محمد اویس نے کہا کہ ڈاکٹر ذوالفقار علی ایک دیانتدار، باصلاحیت اور فرض شناس افسر ہیں، جبکہ منور حسین نے ان کی شخصیت کو اعلیٰ اخلاق اور پیشہ ورانہ مہارت کا حسین امتزاج قرار دیا۔

قاسم علی رانجھا نے کہا کہ ڈاکٹر ذوالفقار علی کی خدمات نوجوان افسران کے لیے مشعلِ راہ ہیں، جبکہ دیگر مقررین محمد گلزار، رانا سہیل انجم اور دیگر نے بھی ان کی خدمات کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا۔

تقریب کے دوران مقررین نے معروف شعر "رہنے کو سدا دہر میں آتا نہیں کوئی، تم جیسے گئے ایسے بھی جاتا نہیں کوئی” پڑھ کر ڈاکٹر ذوالفقار علی کو جذباتی انداز میں خراجِ عقیدت پیش کیا۔

ڈاکٹر ذوالفقار علی کی ریٹائرمنٹ کو محکمہ تعلقات عامہ کے ایک روشن دور کے اختتام سے تعبیر کیا گیا۔ اس موقع پر انہیں گرانقدر خدمات کے اعتراف میں یادگاری شیلڈ بھی پیش کی گئی۔

تقریب کے اختتام پر شرکاء نے ڈاکٹر ذوالفقار علی کے لیے صحت، خوشحالی اور کامیاب ریٹائرڈ زندگی کے لیے دعا کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے