پاکستان پیپلز پارٹی کے چوہدری لطیف اکبر ان کے مدمقابل تھے، ڈاکٹر نجیب نقی 32 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے

مظفرآباد(کیو این این ورلڈ)آزاد جموں و کشمیر اسمبلی کے اجلاس میں پولنگ کے عمل کے بعد مسلم لیگ (ن) کے نامزد امیدوار ڈاکٹر نجیب نقی آزاد کشمیر کے 25 ویں صدر منتخب ہو گئے ہیں۔ نئے صدر کے انتخاب کے لیے اسمبلی کا اجلاس ہوا جس میں کل 45 اراکین نے اپنے ووٹ کا حق استعمال کیا، جبکہ پولنگ کا عمل دوپہر ایک بجے تک جاری رہا۔

صدارتی مقابلے میں ڈاکٹر نجیب نقی نے 32 ووٹ حاصل کر کے کامیابی حاصل کی، جن میں مسلم لیگ (ن) کے 31 اور دست و بازو پارٹی کے ایک ممبر کا ووٹ شامل تھا۔ ان کے مدمقابل پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار چوہدری لطیف اکبر نے 13 ووٹ حاصل کیے، جبکہ انتخاب کے دوران ایک رکن غیر حاضر رہا۔

نو منتخب صدر ڈاکٹر نجیب نقی کا تعلق پونچھ ڈویژن کے حلقہ سدھنوتی پلندری سے ہے۔ وہ اس سے قبل 2006ء سے 2011ء تک آزاد کشمیر کے وزیر صحت رہ چکے ہیں، جبکہ 2016ء سے 2021ء تک ن لیگ کے دورِ حکومت میں بھی انہوں نے بطور وزیر صحت خدمات سرانجام دی ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے