"ستھرا پنجاب" پروگرام کو نئی رفتار، محسن ریاض کی قیادت میں صفائی نظام مزید مؤثر بنانے کا عزم

ڈیرہ غازی خان(کیو ان این ورلڈ/سٹی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن "ستھرا پنجاب” پروگرام کو مزید مؤثر اور منظم انداز میں آگے بڑھانے کے لیے ڈائیوو ویسٹ مینجمنٹ ڈیرہ غازی خان میں اہم انتظامی تبدیلی عمل میں آئی ہے۔ تجربہ کار اور متحرک افسر محسن ریاض نے بطور ڈسٹرکٹ منیجر آپریشن اپنے عہدے کا باقاعدہ چارج سنبھال لیا۔

چارج سنبھالنے کے بعد محسن ریاض نے دفتر کے مختلف شعبہ جات کا تفصیلی دورہ کیا، آفس اسٹاف، فیلڈ افسران اور صفائی ورکرز سے ملاقاتیں کیں اور صفائی آپریشن، حاضری، فیلڈ انتظامات اور مجموعی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ شہر کے تمام علاقوں میں صفائی کے معیار کو مزید بہتر بنایا جائے اور شہریوں کو بہترین بلدیاتی سہولیات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔

محسن ریاض نے اپنے خطاب میں کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق ڈیرہ غازی خان کو صاف، سرسبز اور صحت مند شہر بنانا ان کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ضلعی انتظامیہ اور ستھرا پنجاب پروگرام کی باہمی ہم آہنگی سے جدید، مؤثر اور پائیدار صفائی نظام کو مزید مضبوط بنایا جائے گا، جبکہ فیلڈ آپریشنز کی مسلسل نگرانی، مؤثر مانیٹرنگ اور احتساب کے ذریعے صفائی کے معیار میں نمایاں بہتری لائی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق نئے ڈسٹرکٹ منیجر نے چارج سنبھالتے ہی صفائی آپریشن کو مزید فعال بنانے، مشینری اور افرادی قوت کے مؤثر استعمال، بروقت مانیٹرنگ اور شہری شکایات کے فوری ازالے کے لیے جامع حکمت عملی بھی مرتب کر لی ہے، جس پر جلد عملدرآمد شروع کیا جائے گا۔

شہری حلقوں نے امید ظاہر کی ہے کہ محسن ریاض کی متحرک قیادت، ٹیم کوآرڈینیٹر عبداللہ عباسی اور تحصیل منیجر ملک ندیم کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں سے "ستھرا پنجاب” پروگرام کو مزید تقویت ملے گی، صفائی کے نظام میں واضح بہتری آئے گی اور ڈیرہ غازی خان پنجاب کے صاف ترین شہروں میں اپنی شناخت مزید مستحکم کرے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے