حمنہ ایمن کی شاندار کامیابی ضلع ننکانہ کے سرکاری سکولوں کے لیے باعثِ فخر قرار

ننکانہ صاحب (کیو این این ورلڈ/احسان اللہ ایاز): چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی ننکانہ صاحب شازیہ بانو نے لاہور بورڈ کے میٹرک سالانہ امتحان 2026 میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والی گورنمنٹ گرلز بنات الاسلام ہائی سکول واربرٹن کی ہونہار طالبہ حمنہ ایمن کو 1186 نمبر حاصل کرنے پر دلی مبارکباد اور شاباش پیش کی ہے۔

شازیہ بانو نے اپنے تہنیتی پیغام میں کہا کہ حمنہ ایمن کی یہ شاندار کامیابی نہ صرف ان کے خاندان اور تعلیمی ادارے بلکہ ضلع ننکانہ صاحب کے تمام سرکاری تعلیمی اداروں کے لیے بھی باعثِ فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی دیگر طلبہ و طالبات کے لیے بھی ایک روشن مثال ہے کہ محنت، لگن اور مستقل مزاجی سے اعلیٰ تعلیمی اہداف حاصل کیے جا سکتے ہیں۔

انہوں نے لاہور بورڈ کے میٹرک سالانہ امتحان 2026 میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ضلع بھر کے تمام طلبہ و طالبات، ان کے والدین، اساتذہ کرام، سکول سربراہان اور تدریسی عملے کو بھی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابیاں طلبہ کی شبانہ روز محنت، اساتذہ کی انتھک کاوشوں، سکول سربراہان کی مؤثر قیادت اور والدین کی بہترین رہنمائی کا نتیجہ ہیں۔

سی ای او ایجوکیشن نے کہا کہ نمایاں نمبروں سے کامیابی حاصل کرنے والے تمام طلبہ و طالبات بھرپور ستائش کے مستحق ہیں، جبکہ وہ طلبہ جو اپنی توقعات کے مطابق نتائج حاصل نہیں کر سکے، انہیں مایوس ہونے کے بجائے مزید محنت، عزم اور مستقل مزاجی کے ساتھ اپنی تعلیمی جدوجہد جاری رکھنی چاہیے۔

شازیہ بانو نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی ننکانہ صاحب معیاری تعلیم کے فروغ، بہترین تعلیمی ماحول کی فراہمی اور طلبہ و طالبات کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے اپنی کوششیں مستقبل میں بھی پوری ذمہ داری اور جذبے کے ساتھ جاری رکھے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے