سیالکوٹ: (کیو این این ورلڈ / بیورو چیف مدثر رتو) صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت محمد منشاء اللہ بٹ نے سیالکوٹ میں مزید 285 صنعتی ورکرز میں ڈیتھ اور میرج گرانٹس کے امدادی چیکس تقسیم کر دیے۔ چیکس کی تقسیم مقامی مارکی میں منعقدہ تقریب کے دوران کی گئی، جس میں صنعتی ورکرز، صنعتکاروں اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
تقریب میں ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ اویس مشتاق، صدر سیالکوٹ چیمبر آف کامرس سید احتشام مظہر گیلانی، رکن صوبائی اسمبلی چوہدری فیصل اکرام اور خواجہ سلطان سمیت دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔ اس موقع پر صوبائی وزیر نے مستحق صنعتی ورکرز میں گرانٹس کے چیکس تقسیم کیے اور محکمہ محنت کی جانب سے مزدوروں کی فلاح و بہبود کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر روشنی ڈالی۔
محمد منشاء اللہ بٹ نے کہا کہ پنجاب بھر میں صنعتی ورکرز میں مجموعی طور پر 48 کروڑ روپے کے امدادی چیکس تقسیم کیے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق محکمہ محنت نے صنعتی ورکرز کو گرانٹس کی فراہمی کا طریقہ کار تبدیل کرتے ہوئے اسے مزید آسان اور شفاف بنا دیا ہے۔
صوبائی وزیر نے بتایا کہ صنعتی ورکرز میں گرانٹس کی تقسیم کا نظام آن لائن کر دیا گیا ہے، جس کے باعث اب مزدوروں کو امدادی گرانٹ کے حصول کے لیے سرکاری دفاتر کے بار بار چکر لگانے کی ضرورت نہیں رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، فیصل آباد، بہاول نگر اور رحیم یار خان سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں مستحق ورکرز کو امدادی چیکس تقسیم کیے جا رہے ہیں۔
محمد منشاء اللہ بٹ نے کہا کہ متعدد امدادی چیکس طویل عرصے سے التوا کا شکار تھے جنہیں اب مستحق مزدوروں تک پہنچایا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ چیکس کی تقسیم صنعتکاروں کی موجودگی میں کی جا رہی ہے تاکہ عمل میں شفافیت برقرار رہے اور مزدوروں کو ان کا حق بروقت مل سکے۔
صوبائی وزیر محنت نے محنت کشوں کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ محنت کرنے والا انسان معاشرے اور ملکی معیشت کی ترقی میں بنیادی کردار ادا کرتا ہے، محنت کش اللہ تعالیٰ کا دوست ہے اور اس کے ساتھ کسی قسم کی زیادتی برداشت نہیں کی جا سکتی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے صنعتکار دنیا بھر میں ملک کا نام روشن کر رہے ہیں، جبکہ پاکستانی مزدوروں کی محنت، ہنر اور صلاحیتوں کا لوہا پوری دنیا مانتی ہے۔ حکومت صنعتی ورکرز کے مسائل کے حل، ان کی فلاح و بہبود اور انہیں جائز حقوق کی فراہمی کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔