لاہور(کیو این این ورلڈ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان طے پانے والے "مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے” کا بھرپور خیر مقدم کرتے ہوئے اسے امتِ مسلمہ کی تاریخ کا ایک فیصلہ کن اور تاریخی موڑ قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مکہ مکرمہ کی مقدس سرزمین سے آج پوری دنیا کو اتحاد، یکجہتی اور مشترکہ دفاع کا واضح پیغام ملا ہے، جو عالمِ اسلام کے لیے خوش آئند پیش رفت ہے۔
اپنے بیان میں وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ جیسی تین بڑی معاشی، عسکری اور سیاسی طاقتوں کا ایک پلیٹ فارم پر متحد ہونا پوری امتِ مسلمہ کے لیے خوشخبری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ مشترکہ دفاعی معاہدہ نہ صرف تینوں برادر ممالک کے باہمی تعلقات کو نئی مضبوطی فراہم کرے گا بلکہ عالمِ اسلام کے اتحاد، امن اور استحکام کے ایک نئے باب کا بھی آغاز ثابت ہوگا۔
مریم نواز نے وزیراعظم محمد شہباز شریف، سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان اور ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ معاہدہ دور اندیش قیادت کے وژن، باہمی اعتماد اور اسلامی اخوت کی بہترین مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے سعودی اور ترک قیادت کے ساتھ مل کر پاکستان اور پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ مکہ دفاعی معاہدہ صرف تین ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کا معاہدہ نہیں بلکہ یہ امتِ مسلمہ کے اتحاد، خودمختاری اور مشترکہ سلامتی کے عزم کی علامت ہے۔ ان کے مطابق اس معاہدے سے نہ صرف تینوں ممالک کی سرحدیں مزید محفوظ ہوں گی بلکہ خطے میں امن، استحکام اور اجتماعی دفاع کے نظام کو بھی تقویت ملے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ مکہ دفاعی معاہدے نے اسلامی دنیا کے اتحاد پر مہر ثبت کر دی ہے اور یہ معاہدہ آنے والے وقت میں مسلم ممالک کے درمیان دفاعی، سیاسی اور اسٹریٹجک تعاون کو نئی جہت فراہم کرے گا۔
دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے بھی اس تاریخی معاہدے کو پاکستان کی خارجہ اور دفاعی پالیسی کی بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ آج پاکستان کی تاریخ کا ایک اہم دن ہے اور پوری دنیا پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں اور ذمہ دارانہ کردار کا اعتراف کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ اتحاد، امن اور استحکام کا پیغام دیا ہے۔ معرکۂ حق کے دوران پوری قوم متحد ہوئی اور پاکستان نے کامیابی حاصل کی۔ ان کا کہنا تھا کہ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ ہر پاکستانی کے لیے باعثِ فخر ہے اور یہ پاکستان کے بڑھتے ہوئے عالمی اور علاقائی کردار کا واضح ثبوت ہے۔
واضح رہے کہ مکہ مکرمہ میں منعقدہ مشترکہ دفاعی سربراہی اجلاس کے دوران سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان، وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف اور ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے "مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے” پر دستخط کیے۔ دفتر خارجہ کے مطابق معاہدے کے تحت اگر تینوں ممالک میں سے کسی ایک پر مسلح حملہ ہوتا ہے تو اسے تینوں ممالک پر حملہ تصور کیا جائے گا، جبکہ اس کا بنیادی مقصد مشترکہ دفاعی صلاحیت کو مضبوط بنانا، دفاعی تعاون کو فروغ دینا اور خطے میں امن و استحکام کو یقینی بنانا ہے۔