پنجاب کالج سیالکوٹ میں اساتذہ کی تربیت کے لیے کپیسٹی بلڈنگ سیمینار، ڈاکٹر اکرم کاشمیری کا مؤثر تدریس پر زور

سیالکوٹ (کیو این این ورلڈ/ڈسٹرکٹ رپورٹر حسنین راجہ) پنجاب کالج سٹی ہاؤسنگ کیمپس سیالکوٹ میں اساتذہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے اور تدریسی معیار کو بہتر بنانے کے لیے "کپیسٹی بلڈنگ سیمینار” کے عنوان سے ایک روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ ورکشاپ کے مہمانِ خصوصی ممتاز ماہر تعلیم، دانشور اور تربیت کار پروفیسر ڈاکٹر اکرم کاشمیری تھے جبکہ تقریب کی صدارت کیمپس کے پرنسپل راؤ محمد حسان نے کی۔ اس موقع پر وائس پرنسپلز پروفیسر راحت لطیف اعوان اور پروفیسر محمد عمران اقبال سمیت اساتذہ کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے پروفیسر عمیر الازہری نے کیا جبکہ پروفیسر نصیر احمد زاہدی نے بارگاہِ رسالت مآب ﷺ میں نعتِ رسول مقبول ﷺ پیش کرنے کی سعادت حاصل کی۔

ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر اکرم کاشمیری نے کہا کہ پنجاب گروپ آف کالجز ملک کے تعلیمی میدان میں ہمیشہ نمایاں کارکردگی کا حامل ادارہ رہا ہے جس نے تعلیمی معیار اور طلبہ کی کامیابیوں کے حوالے سے مثالی روایات قائم کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک کامیاب استاد وہی ہوتا ہے جو کتاب کے مشکل اور خشک مضامین کو بھی دلچسپ انداز میں طلبہ کے سامنے پیش کر سکے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں روایتی تعلیم کے ساتھ ساتھ عملی مہارتوں اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگی بھی ناگزیر ہے۔ اساتذہ کو چاہیے کہ وہ طلبہ میں رٹے کے رجحان کے بجائے فہم، تجزیاتی صلاحیت اور کانسپٹ کی بنیاد پر سیکھنے کے عمل کو فروغ دیں تاکہ نوجوان نسل مستقبل کے چیلنجز کا مؤثر انداز میں مقابلہ کر سکے۔

ڈاکٹر اکرم کاشمیری نے اپنے خطاب میں تدریسی عمل کے نفسیاتی اور سماجی پہلوؤں پر بھی تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے جذباتی ذہانت، سماجی شعور، مثبت عادات اور طلبہ کی ذہنی ضروریات کو سمجھنے کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ایک اچھا استاد صرف معلومات منتقل نہیں کرتا بلکہ طلبہ کی شخصیت سازی میں بھی کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔

انہوں نے اساتذہ پر زور دیا کہ وہ طلبہ کے جذبات اور مسائل کو سمجھنے کی کوشش کریں اور انہیں مثبت رہنمائی فراہم کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ کامیابی محنت، لگن اور مسلسل جدوجہد کا نتیجہ ہوتی ہے جبکہ شکرگزاری اور نعمتوں کی حفاظت ترقی کے سفر میں بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔

ورکشاپ کے دوران جدید تدریسی طریقوں، مختلف لرننگ اسٹائلز، کلاس روم مینجمنٹ، تعمیری آراء کی فراہمی اور استاد و شاگرد کے مضبوط تعلق کی اہمیت پر بھی سیر حاصل گفتگو کی گئی۔ شرکاء نے تدریسی ماحول کو مزید مؤثر اور نتیجہ خیز بنانے کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

ورکشاپ کے اختتام پر وائس پرنسپل پروفیسر محمد عمران اقبال، صدر شعبہ اردو پروفیسر اشفاق نیاز، ہیڈ آف بائیو ڈیپارٹمنٹ پروفیسر محمد باقر ڈار، پروفیسر ڈاکٹر سید عاصم بخاری اور پروفیسر عائشہ مقصود نے ڈاکٹر اکرم کاشمیری کے جامع اور معلوماتی لیکچر کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔

شرکاء نے اس تربیتی ورکشاپ کو اساتذہ کی پیشہ ورانہ ترقی کے لیے نہایت مفید قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی اس نوعیت کے علمی اور تربیتی پروگراموں کا انعقاد جاری رکھا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے