بیجنگ (کیو این این ورلڈ) وزیرِ اعظم شہباز شریف نے چین کے صدر شی جن پنگ سے اہم ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات، خطے کی صورتحال، سکیورٹی تعاون اور عالمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ چینی صدر نے مشرقِ وسطیٰ میں قیامِ امن کے لیے پاکستان کے کردار کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ تعلقات کو ہمیشہ ترجیح دیتا ہے۔
چینی میڈیا کے مطابق ملاقات کے دوران صدر شی جن پنگ نے وزیرِ اعظم شہباز شریف کو “پرانا دوست” قرار دیتے ہوئے کہا کہ چین اور پاکستان کے درمیان ناقابلِ شکست روایتی دوستی قائم ہے جو وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک نے ہر دور میں ایک دوسرے کو سمجھا، اعتماد کیا اور باہمی تعاون کو فروغ دیا جبکہ یہ دوستی نسل در نسل آگے بڑھ رہی ہے۔
صدر شی نے کہا کہ چین اور پاکستان کو یکطرفہ پالیسیوں اور سرد جنگ کی حامی ذہنیت کی مشترکہ مخالفت کرنی چاہیے۔ انہوں نے زور دیا کہ بدلتے ہوئے عالمی حالات کے باوجود پاکستان کے ساتھ تعلقات چین کی اولین ترجیح ہیں اور اسٹریٹجک باہمی اعتماد اور عملی تعاون نے دونوں ممالک کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
ملاقات کے دوران صدر شی جن پنگ نے پاکستان کے چیف آف ڈیفنس فورسز سید عاصم منیر سے بھی مصافحہ کیا اور انہیں چین آمد پر خوش آمدید کہا۔ صدر شی نے کہا کہ انہیں معلوم ہے کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر حال ہی میں ایران کے دورے سے واپس آئے ہیں، جو خطے میں پاکستان کے فعال سفارتی کردار کی عکاسی کرتا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چین کے دورے پر انہیں بے حد خوشی ہے اور دونوں ممالک کے سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے پر پاکستان اور چین کے عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین لازوال دوستی کا سہرا دونوں ممالک کے بانی رہنماؤں کو جاتا ہے جنہوں نے باہمی اعتماد اور اخلاص کی بنیاد پر تعلقات استوار کیے۔
وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ سات دہائیوں سے زائد عرصے میں دونوں ممالک نے دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے انتھک محنت کی ہے اور اب پاکستان اور چین آہنی بھائیوں کی طرح منفرد تعلق میں بندھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا غیر متزلزل عزم ہے کہ چین کے ساتھ تعلقات کو مزید وسعت اور مضبوطی دی جائے گی۔
شہباز شریف نے کہا کہ گزشتہ برس انہیں چین میں ہونے والی فوجی پریڈ میں خصوصی دعوت پر شرکت کا اعزاز حاصل ہوا جسے پوری دنیا نے دیکھا۔ انہوں نے صدر شی جن پنگ کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ چین آج عالمی معاشی اور عسکری طاقت بن چکا ہے اور عالمی امن و ترقی میں اس کا کردار انتہائی اہم ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ چین کے شہر ہانگژو کی ترقی صدر شی جن پنگ کے وژن اور متحرک قیادت کا عملی ثبوت ہے جبکہ بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو اور چین پاکستان اقتصادی راہداری خوشحالی، ترقی اور دوستی کے عظیم منصوبے ہیں جو خطے کی تقدیر بدلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ عوام کے دلوں میں جگہ بنانے کے لیے بے لوث محنت اور مسلسل جدوجہد ناگزیر ہے اور یہی اصول پاکستان اور چین کے تعلقات کو مزید مضبوط بنا رہا ہے۔
قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے بیجنگ میں واقع تیانمن اسکوائر پر عوامی ہیروز کی یادگار پر حاضری دی۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے قومی ترانوں کی دھنیں بجائی گئیں جبکہ وزیراعظم نے یادگار پر پھول رکھ کر چین کے قومی ہیروز کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
تقریب میں وفاقی وزراء، پاکستانی وفد کے ارکان اور چینی اعلیٰ حکام بھی شریک تھے۔