معروف فلاحی رہنما عبدالستار ایدھی کو دنیا سے رخصت ہوئے 10 برس بیت گئے

کراچی (کیو این این ورلڈ): دکھی انسانیت کی بے لوث خدمت کے لیے اپنی پوری زندگی وقف کرنے والے معروف سماجی رہنما عبدالستار ایدھی کو ہم سے بچھڑے 10 برس بیت گئے۔

عبدالستار ایدھی نے رنگ، نسل، مذہب اور مسلک سے بالاتر ہو کر انسانیت کی خدمت کی ایک ایسی مثال قائم کی جو آج بھی دنیا بھر میں سراہی جاتی ہے۔ ان کے قائم کردہ فلاحی ادارے ایدھی فاؤنڈیشن کا شمار دنیا کے بڑے فلاحی نیٹ ورکس میں ہوتا ہے، جو پاکستان بھر میں ایمبولینس سروس، ریسکیو آپریشنز، یتیموں، بے سہارا افراد اور ضرورت مندوں کی امداد سمیت متعدد سماجی خدمات انجام دے رہا ہے۔

عبدالستار ایدھی 28 فروری 1928ء کو بھارتی ریاست گجرات کے شہر بانٹوا میں پیدا ہوئے۔ قیامِ پاکستان کے بعد 1947ء میں اپنے خاندان کے ہمراہ کراچی منتقل ہوئے اور 1951ء میں ایک چھوٹی سی ڈسپنسری کے ذریعے انسانیت کی خدمت کا سفر شروع کیا۔ بعد ازاں انہوں نے ایدھی ٹرسٹ کی بنیاد رکھی جو وقت گزرنے کے ساتھ ایک عظیم فلاحی ادارے کی صورت اختیار کر گیا۔

انسانی خدمت کے میدان میں غیر معمولی خدمات کے اعتراف میں حکومتِ پاکستان نے انہیں 1989ء میں نشانِ امتیاز سے نوازا۔ دنیا کی سب سے بڑی رضاکارانہ ایمبولینس سروس قائم کرنے کا اعزاز بھی انہیں حاصل ہے۔

عبدالستار ایدھی 8 جولائی 2016ء کو گردوں کے عارضے کے باعث 88 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ انہیں کراچی میں سرکاری اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کیا گیا۔

آج ان کی دسویں برسی کے موقع پر ملک بھر میں سماجی، فلاحی اور عوامی حلقے انہیں خراجِ عقیدت پیش کر رہے ہیں، جبکہ انسانیت کے لیے ان کی بے مثال خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے