ڈھاکا (کیو این این ورلڈ): بنگلادیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) کے سینیئر رہنما مرزا فخر الاسلام عالمگیر کو ملک کا نیا صدر منتخب کرلیا گیا۔ صدارتی انتخاب میں انہوں نے جماعت اسلامی کی قیادت میں قائم 11 جماعتی اپوزیشن اتحاد کے امیدوار اولی احمد کو شکست دی۔
غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق بنگلادیش میں صدر کا عہدہ بڑی حد تک رسمی نوعیت کا ہے، تاہم مرزا فخر الاسلام عالمگیر بطور صدر مملکت اور مسلح افواج کے کمانڈر انچیف کے فرائض انجام دیں گے۔ ملک کے انتظامی اور حکومتی اختیارات بدستور وزیراعظم اور کابینہ کے پاس رہیں گے۔
78 سالہ مرزا فخر الاسلام عالمگیر نے پارلیمانی ووٹنگ کے ذریعے صدارتی انتخاب میں کامیابی حاصل کی۔ ان کے مدِمقابل امیدوار اولی احمد ریٹائرڈ آرمی کرنل، لبرل ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین اور جماعت اسلامی کی قیادت میں قائم 11 جماعتی اپوزیشن اتحاد کے امیدوار تھے۔
واضح رہے کہ 2024 میں سابق وزیراعظم شیخ حسینہ کی عوامی لیگ حکومت کے خاتمے کے بعد بی این پی رواں سال فروری میں دوبارہ اقتدار میں آئی تھی۔ 12 فروری کو ہونے والے عام انتخابات میں بی این پی اور اس کے اتحادیوں نے کامیابی حاصل کرکے پارلیمنٹ میں دو تہائی اکثریت حاصل کی تھی۔
مرزا فخر الاسلام عالمگیر کا صدر منتخب ہونا ایسے وقت میں ہوا ہے جب ملک میں گزشتہ برسوں کے سیاسی بحران کے بعد بی این پی ایک بار پھر مرکزی سیاسی قوت کے طور پر سامنے آئی ہے۔
یہ صدارتی انتخاب سابق صدر محمد شہاب الدین کے مستعفی ہونے کے بعد عمل میں آیا۔ محمد شہاب الدین اپنی پانچ سالہ آئینی مدت مکمل ہونے سے قبل گزشتہ ماہ خرابیٔ صحت کے باعث عہدے سے مستعفی ہوگئے تھے، جس کے بعد نئے صدر کے انتخاب کی راہ ہموار ہوئی۔