لنڈی کوتل (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار): ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر وقار احمد کی ہدایت پر ضلع بھر میں منشیات فروشوں اور اسمگلروں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران باڑہ پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے 10 کلوگرام افیون برآمد کر کے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق ایس ایچ او باڑہ زاہد اللہ خان کی نگرانی میں ایڈیشنل ایس ایچ او نور محمد خان اور پولیس ٹیم نے نیو بائی پاس باڑہ پر خصوصی ناکہ بندی کے دوران ایک مشتبہ شخص کو روک کر تلاشی لی۔ تلاشی کے دوران ملزم نثار ولد گل مت شاہ، قوم ملکدین خیل کے قبضے سے 10 کلوگرام افیون برآمد ہوئی، جس پر اسے موقع پر ہی گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس نے ملزم کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی ہے تاکہ منشیات کی سپلائی کے ممکنہ نیٹ ورک اور دیگر سہولت کاروں کا بھی سراغ لگایا جا سکے۔
ایس ایچ او باڑہ زاہد اللہ خان نے کہا کہ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کے احکامات پر علاقے میں گشت اور ناکہ بندی کے نظام کو مزید مؤثر بنایا گیا ہے، جبکہ منشیات فروشوں اور سمگلروں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔