اسلام آباد (کیو این این ورلڈ) بنگلادیش کی پارلیمنٹ کے اسپیکر حافظ الدین احمد نے کہا ہے کہ 1971 میں بھارت نے بنگالیوں کی مدد نہیں کی بلکہ پاکستان کو کمزور کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بنگلادیش گزشتہ 15 سال کے دوران ہمسایہ ملک کی کالونی بن چکا تھا اور اس صورتحال میں وہاں کے عوام مشکلات کا شکار رہے۔
اسلام آباد میں پارلیمنٹ کے دورے کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بنگلادیشی اسپیکر حافظ الدین احمد نے کہا کہ حسینہ واجد اگر بنگلادیش واپس آئیں تو انہیں سیدھا جیل جانا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ حسینہ واجد نے مسلم دشمن ملک میں پناہ لے رکھی ہے اور اگر بھارت انہیں واپس نہیں کرتا تو بنگلادیش بین الاقوامی عدالت انصاف سے رجوع کرے گا۔
حافظ الدین احمد کے مطابق حسینہ واجد کی جانب سے وطن واپسی کا اعلان صرف اپنے کارکنوں کو مطمئن کرنے کے لیے کیا جاتا ہے، جبکہ ان کے آئندہ 10 سال تک بنگلادیش واپس آنے کا امکان نہیں۔
انہوں نے کہا کہ حسینہ واجد کی جماعت عوامی لیگ ایک دہشت گرد جماعت بن چکی ہے اور بنگلادیشی حکومت اس پر پابندی لگانے کے بارے میں سوچ رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بنگلادیشی عوام جمہوریت پسند ہیں اور کسی قسم کی آمریت برداشت نہیں کرتے۔
اسپیکر بنگلادیشی پارلیمنٹ نے کہا کہ 1971 میں بھی بنگالی عوام نے جمہوریت کا مطالبہ کیا تھا، لیکن انہیں جمہوریت نہیں دی گئی۔ بنگلادیش اور پاکستان میں پارلیمانی نظام ایک جیسا ہے، تاہم 1975 میں بنگلادیش میں یک جماعتی نظام متعارف کرایا گیا اور بدقسمتی سے ملک کو خالص جمہوریت نہیں مل سکی۔
حافظ الدین احمد نے رواں سال فروری میں ہونے والے انتخابات کو شفاف قرار دیتے ہوئے کہا کہ بنگلادیش اور پاکستان کے درمیان دوستی کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔
انہوں نے مقبوضہ کشمیر کے مسئلے کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور بین الاقوامی پارلیمانی یونین کی ایگزیکٹو کمیٹی کے لیے بنگلادیشی امیدوار کی حمایت کرنے پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔