حکومت کی خصوصی پیٹرول ریلیف اسکیم، بائیک کیلئے 20 اور چھوٹی گاڑیوں کیلئے 30 لیٹر پر رعایت

اسلام آباد( کیو این این ورلڈ) وزیراعظم نے بڑھتی ہوئی عالمی تیل کی قیمتوں کے باعث عوام پر پڑنے والے مالی بوجھ کو کم کرنے کے لیے خصوصی پیٹرول ریلیف اسکیم کا اعلان کردیا، جس کے تحت موٹرسائیکل، رکشا، چنگچی اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کو پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر ریلیف دیا جائے گا۔

وزیراعظم ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق مشرق وسطیٰ میں حالیہ کشیدگی اور عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث عوام کو درپیش مشکلات کا حکومت کو احساس ہے، اور مشکل کی اس گھڑی میں عوام کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ تیل کی قیمتوں میں اضافے سے عام شہریوں پر پڑنے والے بوجھ کو کم کرنے کے لیے خصوصی ریلیف اسکیم شروع کی جا رہی ہے۔ اس اسکیم سے بالخصوص موٹرسائیکل، رکشا، چنگچی اور چھوٹی گاڑیاں استعمال کرنے والے شہری مستفید ہوں گے۔

خصوصی اسکیم کے تحت موٹرسائیکل، رکشا اور چنگچی سمیت دو اور تین پہیوں والی سواریوں کو ماہانہ 20 لیٹر پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر ریلیف فراہم کیا جائے گا۔ اس طرح ان صارفین کو ماہانہ زیادہ سے زیادہ 2 ہزار روپے کا ریلیف مل سکے گا۔

اسی طرح 800 سی سی تک کی چھوٹی گاڑیوں کے مالکان کو ماہانہ 30 لیٹر پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر ریلیف دیا جائے گا، جس کے تحت ایک گاڑی کو ماہانہ زیادہ سے زیادہ 3 ہزار روپے کا فائدہ حاصل ہوگا۔

وزیراعظم کے مطابق خصوصی پیٹرول ریلیف اسکیم کا اطلاق اسلام آباد کی حدود میں آئندہ پیر اور منگل کی درمیانی شب سے کیا جائے گا، جبکہ ملک بھر میں، بشمول آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان، اسکیم بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب سے نافذ العمل ہوگی۔

وزیراعظم نے بتایا کہ خصوصی ریلیف اسکیم کے لیے رجسٹریشن کا عمل آج سے شروع کردیا گیا ہے۔ اسکیم میں رجسٹریشن اور اس سے استفادہ کرنے کے طریقہ کار سے عوام کو آگاہی مہم کے ذریعے مکمل معلومات فراہم کی جائیں گی۔

انہوں نے موٹرسائیکل، رکشا، چنگچی اور چھوٹی گاڑیوں کی معلومات کی فراہمی اور رجسٹریشن کے عمل میں تعاون پر صوبائی حکومتوں کا بھی شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت کا مقصد عالمی حالات اور تیل کی بڑھتی قیمتوں کے اثرات سے عام شہریوں کو ممکنہ حد تک تحفظ فراہم کرنا ہے، جبکہ خصوصی ریلیف اسکیم کے ذریعے روزمرہ سفر اور چھوٹی ٹرانسپورٹ سے وابستہ افراد کے مالی بوجھ میں کمی لائی جائے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے