اللہ رکھیو چوک تا ڈہرکی ریلوے پھاٹک سڑک ازسرنو تعمیر، عوام کو بڑا ریلیف

گھوٹکی: (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار مشتاق علی لغاری)ڈہرکی میں عوامی سہولت کے ایک اہم منصوبے کی تکمیل پر شہریوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے، جہاں پچاس سے زائد دیہات کو شہر سے ملانے والی اہم شاہراہ کو ازسرِنو تعمیر کر لیا گیا ہے۔ اللہ رکھیو چوک سے لے کر ڈہرکی ریلوے پھاٹک تک اس سڑک کی تعمیرِ نو مقامی کمپنی ماڑی انرجی کی جانب سے کروڑوں روپے کی لاگت سے مکمل کی گئی، جس سے علاقے کے ہزاروں مکینوں کو براہِ راست فائدہ پہنچے گا۔

تفصیلات کے مطابق یہ سڑک گزشتہ دو دہائیوں سے خستہ حالی کا شکار تھی، جس کے باعث آمدورفت میں شدید مشکلات پیش آ رہی تھیں۔ سڑک کی ابتر حالت کے سبب نہ صرف شہریوں کو روزمرہ سفر میں پریشانی کا سامنا تھا بلکہ ایمرجنسی کی صورت میں مریضوں کو بروقت اسپتال پہنچانا بھی ایک بڑا مسئلہ بن چکا تھا۔ اب سڑک کی تعمیرِ نو کے بعد نہ صرف سفر تیز اور محفوظ ہو گیا ہے بلکہ حادثات میں بھی نمایاں کمی کی توقع کی جا رہی ہے۔

مقامی افراد کے مطابق نئی سڑک کی بدولت مریضوں کو بروقت طبی سہولیات میسر آئیں گی، جس سے قیمتی جانوں کے ضیاع میں کمی آئے گی۔ اس کے علاوہ کسانوں کے لیے اپنی زرعی اجناس کو منڈیوں تک پہنچانا آسان ہو جائے گا، جس سے ان کی آمدن میں اضافہ اور مقامی معیشت میں بہتری متوقع ہے۔ دیہی علاقوں کے طلبہ کے لیے بھی شہر آ کر تعلیم حاصل کرنا اب پہلے کی نسبت زیادہ آسان اور محفوظ ہو گیا ہے۔

ماڑی انرجی کے حکام کا کہنا ہے کہ کمپنی سماجی ذمہ داری کے تحت مقامی علاقوں کی ترقی کے لیے مختلف منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کمپنی نہ صرف مقامی افراد کو روزگار کے مواقع فراہم کر رہی ہے بلکہ تعلیم، صحت اور بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے لیے بھی عملی اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔ حکام کے مطابق کمپنی اس سے قبل بھی علاقے میں تقریباً 75 کلو میٹر سڑکوں کی تعمیر مکمل کر چکی ہے اور آئندہ بھی اس سلسلے کو جاری رکھا جائے گا۔

دوسری جانب اس منصوبے کو مقامی شہریوں، سماجی و سیاسی رہنماؤں نے خوش آئند قرار دیتے ہوئے ماڑی انرجی کے اقدام کو سراہا ہے۔ شہریوں نے امید ظاہر کی ہے کہ مستقبل میں بھی اسی نوعیت کے ترقیاتی منصوبے جاری رکھے جائیں گے تاکہ علاقے کی پسماندگی کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے