مظفرآباد (کیو این این ورلڈ) آزاد کشمیر کے ضلع باغ میں گھر میں گیس سلنڈر دھماکے اور باجوڑ میں مکان کی چھت گرنے کے دو الگ الگ واقعات میں مجموعی طور پر 4 افراد جاں بحق اور 6 زخمی ہوگئے۔
جنوبی باغ کے علاقے پندی میں شکدر نامی شخص کے گھر میں گیس سلنڈر دھماکے کے نتیجے میں 3 خواتین سمیت 4 افراد جاں بحق جبکہ ایک 15 سالہ لڑکی شدید زخمی ہوگئی۔ جاں بحق ہونے والوں میں گھر کے سربراہ کی 80 سالہ والدہ، 40 سالہ اہلیہ شازیہ، 11 سالہ بیٹا حارث اور 8 سالہ بیٹی ملائیکہ شامل ہیں، جبکہ زخمی لڑکی انیقہ کو طبی امداد کے لیے منتقل کر دیا گیا۔
وزیراعظم آزاد کشمیر نے حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر واقعے کو متنازعہ رنگ دینے اور مبینہ پروپیگنڈے کی مذمت کرتے ہوئے اسے افسوسناک اور قابلِ مذمت عمل قرار دیا۔ دوسری جانب پولیس ترجمان نے بھی سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ان اطلاعات کی تردید کی ہے جن میں واقعے کو مختلف رنگ دیا جا رہا ہے۔ پولیس کے مطابق واقعے کے حقائق سامنے لانے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔
ادھر باجوڑ کی تحصیل ناوگئی کے علاقے غلجو کامنگرہ میں مکان کی چھت گرنے سے 2 خواتین، ایک مرد اور 2 بچے ملبے تلے دب گئے۔ اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 کی ٹیمیں اور مقامی افراد موقع پر پہنچے اور امدادی کارروائی کرتے ہوئے پانچوں افراد کو بحفاظت ملبے سے نکال لیا۔
حکام کے مطابق تمام زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ٹی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔