اوچ شریف (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار حبیب خان) ہیڈ پنجند کے قریب بیٹ معزز دین کے مقام پر علی الصبح ایک کار بے قابو ہو کر عباسیہ کینال میں جا گری، تاہم کار میں سوار دونوں افراد معجزانہ طور پر محفوظ رہے۔ حادثہ ڈرائیور کو نیند آنے کے باعث پیش آیا، جبکہ نہر میں پانی کی سطح کم ہونے سے دونوں افراد بڑے نقصان سے بچ گئے۔
تفصیلات کے مطابق کار نمبر DKD-805 علی پور سے ملتان جا رہی تھی کہ 30 اکتوبر 2026ء کو صبح تقریباً پانچ بجے ڈرائیور کو نیند آ گئی، جس کے باعث گاڑی بے قابو ہو کر عباسیہ کینال میں جا گری۔ کار وہاب ولد ریاض احمد، قوم پٹھان، سکنہ علی پور چلا رہا تھا، جبکہ اس کے ہمراہ شہزاد ولد سلیم، قوم سیال، سکنہ علی پور سوار تھا۔
حادثے کے فوراً بعد دونوں افراد اپنی مدد آپ کے تحت نہر سے بحفاظت باہر نکل آئے۔ اطلاع ملنے پر مقامی پولیس اور ریسکیو 1122 کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ پٹرولنگ پولیس نے گاڑی کو رسی کے ذریعے باندھ رکھا تھا، تاہم ریسکیو عملے کے پہنچنے تک دونوں افراد موقع پر موجود نہیں تھے۔
مقامی پولیس اوچ شریف بھی موقع پر پہنچ گئی، جس کے بعد دونوں افراد واپس آ گئے اور کار کو نہر سے نکالنے کی کوششوں میں مصروف ہو گئے۔ حادثے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔