خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی لگانے کا فیصلہ، وفاقی کابینہ سے کل منظوری متوقع

اسلام آباد(کیو این این ورلڈ) وفاقی حکومت نے خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی لگانے کا فیصلہ کرلیا ہے، جبکہ اس کی منظوری کل وفاقی کابینہ سے لیے جانے کا امکان ہے۔

جیو نیوز کے ذرائع کے مطابق ایمرجنسی کے نفاذ کی توثیق کے لیے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے اجلاس بھی طلب کیے گئے ہیں۔ وفاقی کابینہ کا اجلاس کل صبح ساڑھے 9 بجے طلب کیا گیا ہے، جس میں خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ کی منظوری لیے جانے کا امکان ہے۔

اس سے قبل صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف کے درمیان ایوانِ صدر میں ملاقات ہوئی، جس میں ملک کی مجموعی سیاسی اور سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ایوانِ صدر سے جاری اعلامیے کے مطابق ملاقات میں وزیراعظم کی معاونت نائب وزیراعظم سینیٹر اسحاق ڈار، وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثناء اللہ، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان، وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ اور وفاقی وزیر سینیٹر احد چیمہ نے کی۔

ملاقات میں صدرِ مملکت کی معاونت سینیٹر شیری رحمان، سید نوید قمر، سینیٹر سلیم مانڈوی والا اور ڈاکٹر عاصم نے کی۔

اجلاس میں منگل 13 اکتوبر کو قومی اسمبلی اور سینیٹ کے الگ الگ اجلاس بلانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

قبل ازیں ذرائع کا کہنا تھا کہ ایوانِ صدر میں خیبر پختونخوا کی صورتحال پر ہونے والے اجلاس میں گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کی جانب سے صوبے میں امن و امان اور سکیورٹی کی صورتحال سے متعلق بھجوائی گئی رپورٹ پر غور کیا گیا۔

جیو نیوز کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے ایمرجنسی کے نفاذ کے فیصلے پر عمل درآمد کے لیے وفاقی کابینہ اور پارلیمنٹ کے مراحل اہم ہوں گے۔ وفاقی کابینہ کی منظوری اور آئندہ پیش رفت سے متعلق مزید تفصیلات سامنے آنے پر صورتحال واضح ہوگی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے