گوجرانوالہ: ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور معیار پر سمجھوتہ نہ کیا جائے، افتخار علی سہو

گوجرانوالہ (کیو این این ورلڈ / بیوروچیف محمد رمضان نوشاہی) ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب افتخار علی سہو نے کمشنر آفس گوجرانوالہ کا دورہ کیا، جہاں ان کی زیر صدارت ڈویژنل اور ضلعی افسران کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں حکومتی اقدامات، ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت، عوامی مسائل کے حل اور سرکاری خدمات کی بہتری سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں کمشنر گوجرانوالہ و گجرات ڈویژن محمد علی، ڈپٹی کمشنر نوید احمد، دیگر اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور مختلف محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

اس موقع پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب افتخار علی سہو نے ہدایت کی کہ حکومتی اقدامات اور ترقیاتی منصوبوں پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ عوامی مسائل کا بروقت حل، سرکاری خدمات میں بہتری اور شہریوں کو ریلیف فراہم کرنا تمام محکموں کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ تمام محکمے باہمی رابطہ کاری اور مربوط حکمت عملی کے تحت کام کریں تاکہ حکومتی پالیسیوں کے ثمرات عوام تک پہنچ سکیں اور انتظامی امور میں بہتری لائی جا سکے۔

افتخار علی سہو نے ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل پر زور دیتے ہوئے واضح کیا کہ تعمیراتی کاموں کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ متعلقہ افسران منصوبوں کی پیش رفت اور معیار کی مسلسل نگرانی کریں تاکہ مقررہ مدت میں معیاری ترقیاتی کام مکمل کیے جا سکیں۔

اجلاس میں افسران کو ہدایت کی گئی کہ عوامی فلاح و بہبود سے متعلق حکومتی اقدامات پر ذمہ داری اور مؤثر انداز میں عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے