لاہور (کیو این این ورلڈ)دو غیرملکی خواتین کے مبینہ اغوا اور زیادتی کے مقدمے میں گرفتار تین ملزمان کا مزید چار روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا گیا۔ عدالت نے پولیس کو تفتیش مکمل کرکے آئندہ سماعت پر پیش رفت رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت بھی کی ہے۔
جوڈیشل مجسٹریٹ اظہر محمود نے کیس کی سماعت کی، جس میں تھانہ ڈیفنس سی پولیس نے ملزمان رضوان، نواز اور ناصر کو پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر عدالت میں پیش کیا۔ دوران سماعت پولیس نے ملزمان سے مزید تفتیش اور برآمدگیوں کے لیے اضافی جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔
عدالت کی جانب سے استفسار کیا گیا کہ اب تک ملزمان سے کیا برآمد ہوا ہے، جس پر سرکاری وکیل نے بتایا کہ ملزم رضوان اور ناصر سے اسلحہ برآمد کر لیا گیا ہے، جبکہ ملزم نواز سے اسلحہ برآمد ہونا ابھی باقی ہے۔
تفتیشی افسر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ملزمان سے مزید رقم، زیورات اور گھڑی کی برآمدگی مطلوب ہے، اس لیے مزید جسمانی ریمانڈ ضروری ہے تاکہ تفتیش کو منطقی انجام تک پہنچایا جا سکے۔
دلائل سننے کے بعد عدالت نے تینوں ملزمان کا مزید چار روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے انہیں دوبارہ پولیس کے حوالے کر دیا۔
پولیس کے مطابق ملزمان کے خلاف دو غیرملکی خواتین کے مبینہ اغوا اور زیادتی کا مقدمہ درج ہے۔ تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کو غیرملکی خواتین کی نشاندہی پر گرفتار کیا گیا تھا، جبکہ مقدمے کے مختلف پہلوؤں پر تحقیقات جاری ہیں۔
پولیس کا مؤقف ہے کہ کیس کی مکمل تفتیش کے بعد تمام شواہد عدالت میں پیش کیے جائیں گے اور قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ یاد رہے کہ مقدمے کے الزامات تاحال زیرِ تفتیش ہیں اور عدالت کی جانب سے اس معاملے پر حتمی فیصلہ آنا باقی ہے۔