لاہور (کیو این این ورلڈ) مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بینائی متاثر ہونے کی خبروں کو انتہائی پریشان کن قرار دیا ہے۔ سوشل میڈیا پر جاری اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ جیل چاہے سخت ہو یا نرم، وہ اپنے قیدی کو کسی نہ کسی بیماری کا تحفہ ضرور دیتی ہے، اور یہ حقیقت ان کے لیے "جگ بیتی” بھی ہے اور "آپ بیتی” بھی۔
خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ بہترین اور موثر علاج ہر انسان کا بنیادی حق ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اگر مریض ایک قیدی ہو اور آپ کا سیاسی مخالف بھی، تو اس کے حقوق کی حفاظت کرنا ریاست کی ذمہ داری بن جاتی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس موقع پر ماضی کے واقعات کا تذکرہ کرنا اعلیٰ ظرفی نہیں کہلائے گا۔
لیگی رہنما نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت اور ریاستی ادارے عمران خان کی میڈیکل رپورٹس کی بنیاد پر فوری طور پر اپنا سرکاری موقف جاری کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے اہل خانہ کو ان سے ملاقات کی اجازت دی جائے اور ان کی منشا کے مطابق ڈاکٹروں تک رسائی فراہم کی جائے تاکہ ان کے بہترین علاج کو یقینی بنایا جا سکے۔