اسلام آباد (کیو این این ورلڈ):ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے احتجاج سے متعلق درج دو مقدمات میں پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں علی امین گنڈاپور اور عمر ایوب کو اشتہاری قرار دے دیا ہے۔

مقدمات کی سماعت جوڈیشل مجسٹریٹ مبشر حسن چشتی نے کی۔ دورانِ سماعت عدالت نے علی امین گنڈاپور، عمر ایوب اور دیگر نامزد ملزمان کے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے انہیں اشتہاری قرار دینے کا حکم دیا۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ علی امین گنڈاپور اور عمر ایوب کو متعدد بار طلب کیا گیا، تاہم مسلسل عدم حاضری کے باعث عدالت کے پاس سخت قانونی کارروائی کے سوا کوئی چارہ نہیں رہا۔ عدالت کے مطابق ملزمان کی جانب سے پیش نہ ہونا عدالتی احکامات کی کھلی خلاف ورزی کے مترادف ہے۔

واضح رہے کہ علی امین گنڈاپور اور دیگر کے خلاف مارچ کے دوران احتجاج کے سلسلے میں تھانہ بارہ کہو اسلام آباد میں دو مقدمات درج ہیں، جن میں مختلف دفعات کے تحت کارروائی کی جا رہی ہے۔

عدالت نے کیسز کی مزید سماعت کے لیے آئندہ تاریخ مقرر کرتے ہوئے پولیس کو ہدایت کی ہے کہ اشتہاری قرار دیے گئے ملزمان کی گرفتاری کے لیے قانونی تقاضوں کے مطابق اقدامات کیے جائیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے