لاہور (کیو این این ورلڈ):آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 میں پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ سے متعلق فیصلہ 12 فروری کو ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستان کو 9 فروری تک اپنی رائے دینے کی ڈیڈ لائن دی تھی، تاہم تاحال اس معاملے پر کوئی حتمی پیش رفت سامنے نہیں آ سکی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آج پاک بھارت میچ کے حوالے سے کسی بڑے فیصلے کا امکان نہیں، جبکہ امکان ہے کہ اس اہم معاملے پر حتمی اعلان 12 فروری کو کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق فیصلہ سامنے آنے سے قبل حکومتِ پاکستان سے مشاورت کا عمل مکمل کیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی کی آج وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات متوقع ہے، جس میں وہ وزیراعظم کو گزشتہ روز آئی سی سی کے ساتھ ہونے والے مذاکرات پر بریف کریں گے اور آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے رہنمائی حاصل کریں گے۔
ذرائع کے مطابق پاک بھارت میچ کھیلنے یا نہ کھیلنے سے متعلق حتمی فیصلہ وزیراعظم شہباز شریف کریں گے، جس کے بعد پی سی بی آئی سی سی کو باضابطہ طور پر آگاہ کرے گا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز انٹرنیشنل کرکٹ کونسل، پاکستان کرکٹ بورڈ اور بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کے درمیان پاکستان کے ٹی 20 ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف میچ کے بائیکاٹ سے متعلق اہم مذاکرات ہوئے تھے، جن میں پاک بھارت میچ کے علاوہ خطے کی مجموعی کرکٹ صورتحال پر بھی تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق آئی سی سی وفد بھارت کے خلاف میچ کھیلنے کی درخواست لے کر لاہور پہنچا تھا اور اس سلسلے میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے ملاقات کی گئی۔
واضح رہے کہ حکومتِ پاکستان کی ہدایت پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹی 20 ورلڈ کپ میں شرکت کے باوجود بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے کا اعلان کیا تھا، جس پر اب آئی سی سی کی جانب سے نظرثانی کے لیے دباؤ اور سفارتی کوششیں جاری ہیں۔