اسلام آباد (کیو این این ورلڈ):اسلامی نظریاتی کونسل پاکستان نے رواں سال کے لیے صدقہ فطر اور فدیہ صوم کا باقاعدہ نصاب جاری کر دیا ہے۔ چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر راغب حسین نعیمی کے مطابق صدقہ فطر اور فدیہ صوم کی کم ازکم رقم 300 روپے فی کس مقرر کی گئی ہے۔

ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے بتایا کہ جو کے حساب سے صدقہ فطر اور فدیہ صوم 1100 روپے، کھجور کے حساب سے 1600 روپے، کشمش کے حساب سے 3800 روپے جبکہ منقیٰ کے حساب سے 5400 روپے ادا کرنا ہوں گے۔ اسی طرح سرکاری آٹے کے حساب سے صدقہ فطر اور فدیہ صوم 200 روپے مقرر کیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ 30 روزوں کے فدیے کی رقم گندم کے حساب سے 9 ہزار روپے بنتی ہے، جو کے حساب سے 33 ہزار روپے، کھجور کے حساب سے 48 ہزار روپے، کشمش کے حساب سے ایک لاکھ 14 ہزار روپے جبکہ منقیٰ کے حساب سے 30 روزوں کا فدیہ ایک لاکھ 62 ہزار روپے ادا کرنا ہوگا۔ سرکاری آٹے کے حساب سے 30 روزوں کا فدیہ 6 ہزار روپے مقرر کیا گیا ہے۔

چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل کا کہنا تھا کہ صدقہ فطر ہر صاحبِ نصاب مسلمان مرد، عورت، بچے اور بڑے پر فرض ہے اور اس کی ادائیگی عیدالفطر سے قبل کرنا لازم ہے تاکہ مستحق افراد بھی عید کی خوشیوں میں شریک ہو سکیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ جان بوجھ کر روزہ توڑنے کا کفارہ مسلسل 60 روزے رکھنا یا 60 مساکین کو دو وقت کا کھانا کھلانا ہے۔ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے عوام پر زور دیا کہ وہ اپنی مالی حیثیت کے مطابق صدقہ فطر اور فدیہ صوم ادا کریں اور مستحقین تک حق داروں کا حق بروقت پہنچائیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے