اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/ملک ظفر) ضلع بھر میں پتنگ بازی، پتنگ سازی اور پتنگ فروشی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت مؤثر کارروائیاں عمل میں لائی جا رہی ہیں۔ ترجمان اوکاڑہ پولیس کے مطابق ماہِ جنوری کے دوران پتنگ بازی اور پتنگ فروشی میں ملوث 25 افراد کے خلاف مقدمات درج کیے گئے، جبکہ کارروائیوں کے دوران 622 پتنگیں اور 62 کیمیکل ڈور برآمد کی گئی۔
پتنگ بازی کی روک تھام کو یقینی بنانے کے لیے ضلع بھر میں خصوصی پولیس ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، جو مسلسل گشت اور مؤثر نگرانی کر رہی ہیں۔ اس مقصد کے لیے ڈرون کیمروں اور سیف سٹی کیمروں کی مدد سے حساس علاقوں کی کڑی مانیٹرنگ بھی جاری ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔ ڈی پی او اوکاڑہ کا کہنا ہے کہ پتنگ بازی اور اس کی فروخت پر مکمل پابندی ہے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جا رہی ہے۔
انہوں نے مزید واضح کیا کہ غیر محفوظ پتنگ بازی انسانی جانوں کے لیے سنگین خطرہ ہے، اس لیے کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی۔ اوکاڑہ پولیس نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بچوں پر کڑی نظر رکھیں اور انہیں اس خطرناک کھیل سے دور رکھیں۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ عوامی تعاون کے بغیر اس ناسور کا خاتمہ ممکن نہیں، اور پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔