اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/بیوروچیف ملک ظفر):اسسٹنٹ کمشنر اوکاڑہ احمد شیر گوندل نے پولیو مہم کے سلسلہ میں مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور ویکسینیشن کے عمل کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس دوران انہوں نے لاری اڈا، اوکاڑہ بائی پاس، مظفر کالونی اور دیگر علاقوں میں فیلڈ ٹیموں کی کارکردگی، حاضری اور ویکسینیشن کے عمل کی جانچ پڑتال کی۔
اسسٹنٹ کمشنر نے گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کے عمل کی بھی نگرانی کی اور ٹیموں کو ہدایت کی کہ کوئی بھی بچہ پولیو کے قطرے پلانے سے محروم نہ رہے۔ انہوں نے پولیو مہم کو قومی فریضہ قرار دیتے ہوئے ٹیموں سے کہا کہ یہ کام پوری ذمہ داری اور دیانتداری کے ساتھ انجام دیا جائے۔
مزید برآں، احمد شیر گوندل نے کہا کہ پولیو ٹیموں کی مانیٹرنگ روزانہ کی بنیاد پر جاری رہے گی اور کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلائیں تاکہ ملک کو پولیو سے پاک بنایا جا سکے۔