ننکانہ صاحب (کیو این این ورلڈ/ نامہ نگار احسان اللہ ایاز)پاکستان مرکزی مسلم لیگ ضلع ننکانہ صاحب کے زیرِ انتظام ضلع بھر کی مختلف یونین کونسلز میں مسلم لیگ ہاؤسز کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا۔ موڑکھنڈا، سید والا اور بچیکی سمیت سات یونین کونسلز میں قائم کیے گئے یہ مراکز گراس روٹس سطح پر عوامی رابطے اور خدمت کی سیاست کو فروغ دینے کے لیے قائم کیے گئے ہیں۔
افتتاحی تقریبات کی صدارت صدر وسطی پنجاب پاکستان مرکزی مسلم لیگ چوہدری حمید الحسن نے کی، جبکہ اس موقع پر پارٹی کارکنان، مقامی عہدیداران اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری حمید الحسن نے کہا کہ ضلع ننکانہ صاحب میں مسلم لیگ ہاؤسز کا قیام اس امر کا عملی ثبوت ہے کہ پاکستان مرکزی مسلم لیگ اقتدار کے بجائے خدمت کی سیاست پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مراکز عوام کے مسائل کے حل، مشاورت اور رہنمائی کے لیے ہمہ وقت فعال رہیں گے۔
ضلعی جنرل سیکرٹری پاکستان مرکزی مسلم لیگ ثاقب مجید نے اس موقع پر بتایا کہ مسلم لیگ ہاؤسز کا بنیادی مقصد عوام کو ان کی دہلیز پر سیاسی و سماجی سہولتیں فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مراکز نہ صرف پارٹی سرگرمیوں بلکہ عوامی مسائل کے فوری ازالے، فلاحی کاموں اور تنظیمی تربیت کا مؤثر پلیٹ فارم ثابت ہوں گے۔
پارٹی قیادت کے مطابق آئندہ دنوں میں مسلم لیگ ہاؤسز کے ذریعے عوامی مسائل کے حل اور سماجی خدمات کے مزید منصوبوں کا آغاز بھی کیا جائے گا۔