اوکاڑہ ( کیو این این ورلڈ/بیوروچیف ملک ظفر) ڈائریکٹوریٹ جنرل پاپولیشن ویلفیئر محکمہ صحت و آبادی پنجاب کے احکامات کی روشنی میں رکنِ صوبائی اسمبلی میاں محمد منیر کی سرپرستی میں 22 جنوری بروز جمعرات ایک روزہ ایجوکیشن فیملی میلہ منعقد ہوگا۔ پنجاب فیملی پلاننگ پروگرام کے تحت یہ میلہ مقامی میرج ہال میں منعقد کیا جا رہا ہے، جس میں صحت مند بچوں اور بہترین شادی شدہ جوڑوں کے مقابلے، کوئز شو، پوسٹر ڈیزائننگ، روایتی علاقائی جھومر، میجک شو، میوزیکل چیئر اور محفلِ سماع سمیت دیگر رنگا رنگ پروگرامز ترتیب دیے گئے ہیں۔ میلے کے انعقاد کا بنیادی مقصد عوام الناس خصوصاً فیملیز کو بہترین تفریح کے مواقع فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ بڑھتی ہوئی آبادی کے مسائل، ماں بچے کی صحت، بچوں کی پیدائش میں مناسب وقفے کی اہمیت اور جدید مانع حمل طریقوں کے بارے میں شعور اجاگر کرنا ہے۔

اس اہم ایونٹ کے حوالے سے ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر چوہدری عاصم ہدایت کی جانب سے تمام انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ میلے میں خواتین کی دلچسپی کے لیے دستکاری، مہندی اور بیوٹی پروڈکٹس کے اسٹالز بھی لگائے جائیں گے، جبکہ شرکا کے لیے میڈیکل کیمپ اور ہیلتھ سکریننگ کی سہولیات بھی موقع پر میسر ہوں گی۔ یہ میلہ دوپہر 1 بجے سے شام 4 بجے تک جاری رہے گا، جس میں ضلع بھر کی فیملیز کو شرکت کی بھرپور دعوت دی گئی ہے تاکہ وہ تفریح کے ساتھ ساتھ صحت عامہ کے حوالے سے مفید معلومات بھی حاصل کر سکیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے