اوکاڑہ ( کیو این این ورلڈ/بیوروچیف ملک ظفر) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر احمد سلیم چشتی نے اسسٹنٹ کمشنر احمد شیر گوندل کے ہمراہ ڈی ایچ کیو سٹی ہسپتال کا اچانک دورہ کیا اور وہاں مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ دورے کے دوران انہوں نے ہسپتال کے مختلف وارڈز، ایمرجنسی بلاک، لیبارٹری اور ادویات کے اسٹور کا معائنہ کیا، جبکہ صفائی ستھرائی کے انتظامات کو بھی باریک بینی سے دیکھا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال میں زیر علاج مریضوں اور ان کے لواحقین سے گفتگو کی اور ان سے ملنے والی طبی سہولیات، ڈاکٹروں کے رویے اور مفت ادویات کی فراہمی کے بارے میں دریافت کیا۔

احمد سلیم چشتی نے ہسپتال انتظامیہ کو سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ مریضوں کو معیاری اور بروقت طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے تمام تر ممکنہ اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ سرکاری ہسپتالوں میں بہتر علاج معالجہ حاصل کرنا ہر شہری کا بنیادی حق ہے اور اس فریضے کی ادائیگی میں کسی بھی قسم کی کوتاہی یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی سو فیصد حاضری، ہسپتال میں مثالی صفائی، ادویات کے اسٹاک کی بروقت دستیابی اور ایمرجنسی سروسز کے معیار کو مزید بہتر بنانے پر زور دیا۔ معائنے کے اختتام پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے مجموعی طور پر مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا، تاہم انہوں نے انتظامیہ کو مسلسل بہتری کی جانب گامزن رہنے کی تاکید کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے