لندن (کیو این این ورلڈ) پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان آئندہ برس جون تک بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے پروگرام سے مکمل طور پر باہر نکل جائے گا۔ لندن میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 2018 میں ملک پر مسلط کیے گئے حالات کی وجہ سے پاکستان ترقی کی دوڑ میں کئی سال پیچھے چلا گیا تھا، تاہم موجودہ حکومت نے مہنگائی اور غربت کے ذمہ دار سابق وزیراعظم کو قانونی اور آئینی طریقے سے عہدے سے ہٹا کر ملک کو بحران سے نکالا۔ رانا مشہود کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کے ذریعے پاکستان کے خلاف ایک بڑی سازش رچی گئی تھی، لیکن اب حالات تیزی سے بہتری کی طرف گامزن ہیں۔

رانا مشہود احمد خان نے سیاسی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ نواز شریف نے ڈھائی سو سے زائد پیشیاں بھگتیں لیکن ان کے خلاف بنائے گئے تمام مقدمات جھوٹے ثابت ہوئے، جبکہ دوسری جانب ‘ایبسلوٹلی ناٹ’ کا نعرہ لگانے والے آج انہی کے قدموں میں بیٹھ گئے ہیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر بانی پی ٹی آئی کے خلاف کیسز جھوٹے ہیں تو وہ عدالتوں کا سامنا کرنے سے کیوں کتراتے ہیں؟ ان کا کہنا تھا کہ گھڑی چوری کا کیس ایک واضح اور کھلا معاملہ ہے جس میں کسی شک کی گنجائش نہیں ہے۔ رانا مشہود نے تقریب کے شرکاء کو بتایا کہ بانی پی ٹی آئی کے دور میں عالمی سطح پر پاکستان کی کوئی اہمیت نہیں رہی تھی جبکہ حالیہ تنازعات اور جنگی صورتحال میں متعدد اہم ممالک پاکستان کے ساتھ کھڑے نظر آئے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے