ننکانہ صاحب (کیو این این ورلڈ/نامہ نگاراحسان اللہ ایاز) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ننکانہ بیوٹیفکیشن پلان کے تحت شہر کی تزئین و آرائش اور خوبصورتی کے منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کر دی گئی ہے۔ اس سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنر ننکانہ صاحب ثناء شرافت نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور جاری ترقیاتی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے مختلف چوکوں اور پبلک پارکس میں نئے مونومنٹس لگانے کے عمل کا معائنہ کیا اور متعلقہ اداروں کے افسران کو ہدایت کی کہ بیوٹیفکیشن پراجیکٹ کو مقررہ وقت میں مکمل کرنے کے لیے کام کی رفتار میں مزید تیزی لائی جائے۔ اسسٹنٹ کمشنر کا کہنا تھا کہ ننکانہ صاحب کی خوبصورتی میں اضافے اور شہریوں کو بہتر ماحول کی فراہمی کے لیے تمام تر دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

بعد ازاں اسسٹنٹ کمشنر نے شاد باغ کالونی میں تجاوزات کے خلاف جاری گرینڈ آپریشن کا بھی معائنہ کیا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ثناء شرافت نے بتایا کہ شاد باغ کالونی سے اب تک 80 فیصد تجاوزات کا خاتمہ کر دیا گیا ہے جبکہ بقیہ تجاوزات ہٹانے کے لیے ٹیمیں متحرک ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ تحصیل بھر میں تجاوزات کے خلاف بلاامتیاز آپریشن اس وقت تک جاری رہے گا جب تک آخری تجاوزات کا خاتمہ نہیں ہو جاتا۔ انتظامیہ کے ان اقدامات کا مقصد شہر کی شاہراہوں کو کشادہ کرنا اور تجاوزات کے باعث شہریوں کو درپیش مشکلات کا مستقل حل نکالنا ہے تاکہ بیوٹیفکیشن پلان کے ثمرات عوام تک پہنچ سکیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے