اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/ملک ظفر) ڈی پی او اوکاڑہ کے خصوصی ٹاسک پر تھانہ صدر دیپالپور کی پولیس نے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے ایک خطرناک چور گینگ کے چار ارکان کو گرفتار کر لیا ہے، جو متعدد مقدمات میں اشتہاری بھی پائے گئے ہیں۔ پولیس ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان میں سلیم، تنویر، علی ارشد اور عامر شامل ہیں، جن کے قبضے سے بھاری مال مسروقہ اور اسلحہ برآمد کیا گیا ہے۔ ملزمان نے دورانِ تفتیش 10 بکریاں، ایک ٹوکہ مشین اور بجلی کی موٹر چوری کرنے کی متعدد وارداتوں کا اعتراف کیا ہے۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے وارداتوں میں استعمال ہونے والے 4 عدد 30 بور پسٹل اور گولیاں بھی برآمد کی ہیں، جس پر ان کے خلاف ناجائز اسلحہ رکھنے کے الگ مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ یہ گینگ علاقے میں چوری کی وارداتوں کے باعث دہشت کی علامت بنا ہوا تھا اور ان کی گرفتاری سے جرائم کی شرح میں کمی آئے گی۔ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے جس کے دوران مزید مال مسروقہ اور ان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔ ڈی پی او اوکاڑہ نے اس کامیاب کارروائی پر تھانہ صدر دیپالپور کی ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا ہے کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے اور ضلع بھر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔