راولپنڈی (کیو این این ورلڈ) انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی نے 26 نومبر کے احتجاج پر درج مقدمے میں بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ہیں۔ اے ٹی سی جج امجد علی شاہ نے کیس کی سماعت کی، جس کے دوران علیمہ خان کی جانب سے ایک روزہ حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی تھی۔ پراسیکیوشن نے اس درخواست پر سخت اعتراض اٹھاتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ درخواست کے ساتھ لاہور کی عدالتوں میں زیر سماعت مقدمات کی کوئی کاز لسٹ منسلک نہیں ہے، جس پر عدالت نے استثنیٰ کی درخواست مسترد کرتے ہوئے وارنٹ جاری کیے۔ علاوہ ازیں، پراسیکیوٹر ظہیر شاہ کی استدعا پر عدالت نے مقدمے کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر کرنے کا حکم بھی جاری کر دیا ہے۔

سماعت کے موقع پر پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ اس مقدمے کی اب تک 28 سماعتیں ہو چکی ہیں لیکن علیمہ خان کے رویے اور عدم حاضری کی وجہ سے کارروائی مسلسل تاخیر کا شکار ہو رہی ہے۔ کارروائی کے دوران 5 ملزمان کے وکلاء نے 10 گواہوں پر جرح مکمل کر لی، تاہم دیگر ملزمان کے وکلاء کی جانب سے جرح مکمل نہ ہو سکی۔ عدالت نے پراسیکیوشن کے دلائل سے اتفاق کرتے ہوئے کیس کی روزانہ سماعت کا فیصلہ کیا تاکہ کارروائی کو جلد از جلد مکمل کیا جا سکے۔ بعد ازاں، عدالت نے مقدمے کی سماعت ایک دن کے لیے ملتوی کر دی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے