اوکاڑہ: (کیو این این ورلڈ/نامہ نگارملک ظفر)ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اوکاڑہ محمد راشد ہدایت نے ضلع بھر میں سیکیورٹی کی صورتحال، عوامی خدمت کے مراکز اور پولیس اہلکاروں کی ویلفیئر کا جائزہ لینے کے لیے مختلف مقامات کے ہنگامی دورے کیے۔ ڈی پی او نے کیڈٹ کالج اوکاڑہ کا دورہ کرتے ہوئے تعلیمی اداروں کے لیے وضع کردہ سیکیورٹی پلان اور موجود انتظامات کا تفصیلی معائنہ کیا، اس موقع پر انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کیں کہ طلبا اور اساتذہ کے تحفظ کے لیے سیکیورٹی کو ہر پل الرٹ رکھا جائے اور کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہ کی جائے۔ بعد ازاں انہوں نے پولیس خدمت مرکز کا اچانک دورہ کیا اور وہاں شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔ ڈی پی او نے مختلف کاؤنٹرز پر جا کر سروس ڈلیوری کے معیار کو چیک کیا اور شہریوں سے براہِ راست گفتگو کرتے ہوئے ان کے مسائل سنے، انہوں نے عملے کو تاکید کی کہ شہریوں کو بلا تاخیر، شفاف اور عزت نفس کے ساتھ تمام سہولیات فراہم کی جائیں۔

اپنے دورے کے اگلے مرحلے میں ڈی پی او محمد راشد ہدایت نے طیب سعید شہید پولیس لائنز کا رخ کیا جہاں انہوں نے پولیس اہلکاروں کی فلاح و بہبود کے امور کا معائنہ کیا۔ اہلکاروں کی جسمانی فٹنس کو مدنظر رکھتے ہوئے انہوں نے پولیس لائنز کے جم کو فوری طور پر اپ گریڈ کرنے کے احکامات جاری کیے اور ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر کو ہدایت کی کہ جوانوں کے لیے میس اور رہائش سمیت تمام بنیادی سہولیات کو بہترین بنایا جائے۔ ڈی پی او اوکاڑہ کا کہنا تھا کہ فورس کی ویلفیئر اور ان کی پیشہ ورانہ مہارت میں اضافہ ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے کیونکہ ایک تندرست اور مطمئن پولیس اہلکار ہی عوام کی بہتر خدمت کر سکتا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ضلع میں امن و امان کے قیام اور پولیس کے عوامی تشخص کو بہتر بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے