اسلام آباد: (کیو این این ورلڈ)افغان اور بھارتی پروپیگنڈا مشینری کا خطرناک گٹھ جوڑ خطے میں انتشار، انتہا پسندی اور بدامنی کو ہوا دینے میں سرگرم ہو گیا ہے جس کا تازہ ترین ہدف ایران کی داخلی صورتحال بنی ہے۔ ذرائع کے مطابق خطے کے مختلف ممالک میں ریاستی دہشت گردی اور مداخلت سے امن و امان کو تباہ کرنا انتہا پسند مودی سرکار کا وطیرہ بن چکا ہے اور اب بھارتی پروپیگنڈا مشینری مودی کی ایما پر ایران میں جاری پُرامن عوامی مظاہروں کو سبوتاژ کرنے کی مذموم سازشوں میں مصروف عمل ہے۔ انکشاف ہوا ہے کہ بدنام زمانہ بھارتی ایجنسی ‘را’ اور افغان شرپسند سوشل میڈیا پر جھوٹے بیانیے اور جعلی ویڈیوز کے ذریعے ایک منظم مہم چلا رہے ہیں تاکہ ایران کے عوامی مطالبات کو ایک پرتشدد تحریک کا رنگ دیا جا سکے۔

تحقیقات کے مطابق ایران کے اندر بدامنی کو ہوا دینے والے سینکڑوں گھوسٹ اکاؤنٹس کے پیچھے شرپسند بھارتی عناصر کا پردہ چاک ہو گیا ہے جو ایرانی عوام کو اپنی ہی حکومت کے خلاف اکسانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ یہ جعلی اور انتہا پسند سوشل میڈیا اکاؤنٹس ایران کے خلاف منصوبہ بند ‘انفارمیشن وارفئیر’ کی ایک کڑی ہیں جس کا مقصد خطے کی اہم طاقتوں کے درمیان غلط فہمیاں پیدا کرنا اور عدم استحکام پھیلانا ہے۔ عالمی ماہرین نے اس صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ بھارت کے اصل انتہا پسند ہندوتوا ایجنڈے اور خطے میں اس کے سازشی کردار کو پہچانیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ بنگلہ دیش میں مداخلت سے لے کر دہشت گردی کے لیے افغان سرزمین کا استعمال مودی کے انتہا پسند عزائم کا منہ بولتا ثبوت ہے جو اب ایران کی سلامتی پر اثر انداز ہونے کی کوشش کر رہے ہیں۔

ماہرینِ سیاسیات کے مطابق خطے کی مجموعی سکیورٹی صورتحال اور سنگین چیلنجز کے پیش نظر پاکستان اصولی طور پر ایران میں امن، خود مختاری اور طویل المدتی استحکام کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔ مستند شواہد اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ بھارت اور افغانستان کی جانب سے بیرونی سطح پر ایک منظم بیانیہ پھیلایا جا رہا ہے تاکہ علاقائی استحکام کو نقصان پہنچایا جا سکے۔ بین الاقوامی تجزیہ کاروں کا ماننا ہے کہ بھارت کی یہ ‘پراکسی’ جنگ اور ڈیجیٹل دہشت گردی نہ صرف ایران بلکہ پورے خطے کے امن کے لیے ایک بڑا خطرہ بن چکی ہے، جس کا فوری سدِباب وقت کی اہم ضرورت ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے