اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر)نیو ایئر نائٹ کے موقع پر اوکاڑہ پولیس نے فول پروف سیکیورٹی پلان جاری کر دیا ہے۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اوکاڑہ محمد راشد ہدایت کی ہدایات پر مرتب کیے گئے اس جامع سیکیورٹی پلان کا مقصد شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اور شہر میں امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنانا ہے۔

ڈی پی او محمد راشد ہدایت کا کہنا ہے کہ نیو ایئر نائٹ کے دوران ون ویلنگ، ہوائی فائرنگ، ہلڑ بازی اور کسی بھی قسم کی قانون شکنی پر مکمل پابندی عائد ہو گی۔ خلاف ورزی کی صورت میں زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت فوری اور سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

انہوں نے واضح کیا کہ خواتین اور شہریوں کو ہراساں کرنے والے عناصر کے خلاف بھی بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی اور ایسے افراد کو فوری طور پر گرفتار کر کے حوالات میں بند کیا جائے گا۔

سیکیورٹی پلان کے تحت 900 سے زائد پولیس افسران اور اہلکار شہر بھر میں سیکیورٹی ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔ حساس مقامات، تفریحی علاقوں اور اہم شاہراہوں پر خصوصی ناکہ بندی، گشت اور نگرانی کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بروقت نمٹا جا سکے۔

ڈی پی او اوکاڑہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تعاون کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع پولیس ہیلپ لائن 15 پر دیں تاکہ نیو ایئر نائٹ کو پرامن اور خوشگوار بنایا جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے