ننکانہ صاحب (نامہ نگاراحسان اللہ ایاز)میونسپل کمیٹی ننکانہ صاحب کے دفتر میں مالیوں اور دیگر فیلڈ ملازمین کی حوصلہ افزائی کے لیے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راؤ اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل شاہد کھوکھر نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ، ڈی او انفارمیشن، ایکسین ہائی وے اور سی او بلدیہ سمیت دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔ تقریب کے دوران ڈپٹی کمشنر نے ملازمین سے انفرادی طور پر ملاقات کی اور شہر کی خوبصورتی میں اضافے کے لیے ان کی غیر معمولی خدمات کو سراہتے ہوئے بہترین کارکردگی پر شاباش دی۔
انتظامیہ کی جانب سے شہر کی گرین بیلٹس، پبلک پارکس کی تزئین و آرائش اور اسٹریٹ لائٹس کی بحالی میں اہم کردار ادا کرنے والے 31 منتخب ملازمین میں 10 ہزار روپے فی کس کے حساب سے اعزازیہ تقسیم کیا گیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ کا کہنا تھا کہ ننکانہ صاحب کی بیوٹیفیکیشن کو یقینی بنانے کے لیے ملازمین دن رات کام کر رہے ہیں اور خصوصاً پارکس کی بحالی پر مامور عملہ 14 گھنٹے سے زائد ڈیوٹی دے رہا ہے، جو کہ قابلِ ستائش ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جانفشانی اور لگن سے کام کرنے والے ملازمین کی حوصلہ افزائی کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا تاکہ شہر کو خوبصورت بنانے کا ہدف ترجیحی بنیادوں پر حاصل کیا جا سکے۔