علی پور(نامہ نگار: محبوب بلوچ)ضلع مظفرگڑھ کی تحصیل علی پور میں واقع متعدد مواضعات میں اراضی کا اشتعمال تاحال مکمل نہ ہو سکا، جس کے باعث مقامی کاشتکار شدید مشکلات اور بے یقینی کی صورتحال سے دوچار ہیں۔ متاثرہ مواضعات میں موضع خیرپور سادات، مرادپور جنوبی، لنگڑا واہ، خنانی (سیت پور)، گھلوان اور فتح پور سمیت دیگر کئی مواضعات شامل ہیں، جہاں زمینوں کا باقاعدہ ریکارڈ اب تک درست اور مکمل نہیں کیا جا سکا۔
ذرائع کے مطابق یہ تمام مواضعات ریونیو سرکل 13/4 میں واقع ہیں، تاہم متعلقہ پٹواری اور محکمانہ عملہ مبینہ طور پر اس اہم مسئلے پر عدم دلچسپی کا مظاہرہ کر رہا ہے۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ بعض اہلکار مبینہ طور پر ناجائز مالی فوائد حاصل کرنے کی غرض سے کام کو مسلسل التواء میں رکھے ہوئے ہیں، جس کے نتیجے میں زمینوں پر باہمی قبضے، تنازعات اور جھگڑوں کے واقعات معمول بن چکے ہیں۔
کاشتکاروں کا کہنا ہے کہ اراضی کے اشتعمال اور کمپیوٹرائزیشن نہ ہونے کے باعث وہ نہ صرف قانونی تحفظ سے محروم ہیں بلکہ بینک قرضہ، ٹریکٹر، کھاد اور دیگر زرعی سہولتوں سے بھی فائدہ نہیں اٹھا پا رہے۔ علاقہ مکینوں اور کسانوں نے وزیراعلیٰ پنجاب اور اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر ان مواضعات میں اراضی کا اشتعمال مکمل کر کے ریکارڈ کمپیوٹرائز کیا جائے، تاکہ زمینوں کے دیرینہ تنازعات کا خاتمہ ہو اور کاشتکاروں کو ان کا جائز حق مل سکے۔