اسلام آباد (ویب ڈیسک) اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں آج زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کے باعث لوگ گھروں سے باہر نکل آئے اور کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے محفوظ مقامات پر پہنچے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے علاوہ اٹک، حسن ابدال، کامرہ، کھاریاں، حضرو اور ان کے گرد و نواح میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔
زلزلہ آج صبح 9 بج کر 37 منٹ پر آیا۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق ریکٹر سکیل پر زلزلے کی شدت 4.2 ریکارڈ کی گئی جبکہ زلزلے کا مرکز تربیلا سے 50 کلومیٹر جنوب مغرب تھا اور اس کی گہرائی 15 کلومیٹر نوٹ کی گئی۔
محکمہ زلزلہ پیما کا کہنا ہے کہ کسی جانی نقصان یا بڑے مالی نقصان کی فوری اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے، تاہم شہریوں سے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ غیر محفوظ عمارتوں میں داخل نہ ہوں اور حفاظتی اقدامات اختیار کریں۔