انسداد دہشتگردی عدالت نے 9 مئی کے ایک مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی کو بری کر دیا۔ عدالت نے 9 مئی کو کلب چوک جی او آر کے گیٹ پر حملے سے متعلق مقدمے میں یہ فیصلہ سنایا۔
اے ٹی سی کے جج منظر علی گل نے کوٹ لکھپت جیل میں کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے شاہ محمود قریشی کی بریت کا حکم دیا۔ تاہم اسی مقدمے میں عدالت نے ڈاکٹر یاسمین راشد، میاں محمود الرشید، اعجاز چوہدری اور عمر سرفراز چیمہ کو 10، 10 برس قید کی سزا سنا دی۔
عدالتی کارروائی کے دوران ڈاکٹر یاسمین راشد سمیت 21 ملزمان کے حتمی بیانات قلمبند کیے گئے جبکہ استغاثہ کی جانب سے 56 گواہوں کو عدالت میں پیش کیا گیا۔ دورانِ ٹرائل چار ملزمان کو اشتہاری قرار دیا گیا تھا۔
عدالت کے فیصلے کے مطابق شاہ محمود قریشی سمیت مجموعی طور پر 13 ملزمان کو بری کیا گیا جبکہ ڈاکٹر یاسمین راشد سمیت 8 ملزمان کو 10، 10 سال قید کی سزائیں سنائی گئیں۔