اوکاڑہ (نامہ نگار، ملک ظفر): ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل احمد سلیم چشتی کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ایکسیڈنٹ ریویو کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں تمام متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی اور ٹریفک حادثات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں متعلقہ محکموں کے افسران نے حادثات کی وجوہات، ذمہ دار عناصر اور روک تھام کے اقدامات پر بریفنگ دی۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر احمد سلیم چشتی نے کہا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی انسانی جانوں کے ضیاع کا سبب بن رہی ہے، جسے ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے ہدایت دی کہ اوور اسپیڈنگ، بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے، اوور لوڈنگ، ون ویلنگ اور بغیر لائسنس ڈرائیونگ کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے۔ اجلاس میں ٹریفک پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں کو ہدایت دی گئی کہ حادثات کے پوائنٹس کی نشاندہی کریں، فوری حفاظتی اقدامات کریں، آگاہی مہمات کو مؤثر بنائیں اور قوانین پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ غفلت یا لاپرواہی برتنے والے اہلکاروں کے خلاف بھی تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی تاکہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔